• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر:پارک اورکھیل کےمیدان شادی ہاکوں میں تبدیل،نوجوان صحت مندسرگرمیوں سےمحروم

سکھر (بیورو رپورٹ) محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن کے افسران نے پارک اور کھیل کے میدانوں کو شادی ہالز میں تبدیل کرکے نوجوانوں و کھلاڑیوں کو صحت مند سرگرمیوں سے محروم کردیا ہے، بیڈ منٹن کورٹ، سوئمنگ پول اور ریلوے آفیسر کلب کے پارک کو شادی ہالز میں تبدیل کرکے کمائی کا ذریعہ بنالیا، ماضی میں جہاں نوجوان کھیل و کود کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے تھے اب ان جگہوں پر شادیانے بجتے ہیں۔ سکھر ڈویژن میں ریلوے کی اربوں روپے کی اراضی ہے جبکہ سکھر شہر میں بھی ریلوے کی وسیع اراضی ہے مگر حیرت انگیز طور پر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے شہر کے وسط میں واقع کھیل کے میدانوں اور پارک پر شادی ہال بناکر ٹھیکے پر دیدیے گئے ہیں۔ ایوب گیٹ کے نزدیک واقع بیڈ منٹن کورٹ میں ماضی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بیڈ منٹن کھیلنے آتی تھی جبکہ اسی جگہ پر واقع سوئمنگ پول میں بھی نوجوان تیراکی کے مظاہرے کرتے تھے جس سے انہیں کھیل و کود کی سرگرمیاں میسر تھیں تاہم مذکورہ دونوں مقامات سے بیڈ منٹن کورٹ اور سوئمنگ پول کو ختم کرکے انہیں شادی ہال بنادیا گیا ہے، اسی طرح ریلوے آفیسر کلب کے پارک کو بھی شادی ہال میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نوجوانوں و کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے سکھر کے بعض افسران کی جانب سے اسپورٹس کی سرگرمیاں ختم کئے جانا انتہائی افسوسناک ہے، بیڈ منٹن کورٹ، سوئمنگ پول اور ریلوے آفیسر کلب کو شادی ہال بناکر ٹھیکے پر دیے جانے سے ریلوے انتظامیہ کو فائدہ تو پہنچ رہا ہے مگر نوجوان کھیل و کود کی سرگرمیوں سے محروم ہوگئے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ریلوے انتظامیہ سکھر اسپورٹس کی سرگرمیاں ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے، سکھر میں بہت سے مقامات ایسے ہیں جو کہ ریلوے کی ملکیت ہے اور وہ کسی کے استعمال میں بھی نہیں، ان مقامات پر شادی ہالز بناکر ٹھیکے پر دیے جاسکتے ہیں تاہم مذکورہ مقامات ہی کو شادی ہالز بناکر ٹھیکے پر دیے جانا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ سکھر ڈویژن میں ریلوے کے بعض افسران کی جانب سے کھیل و کود کے میدانوں اور پارکوں کو شادی ہال میں تبدیل کئے جانے کا سختی سے نوٹس لیا جائے، اگر ریلوے کو شادی ہال بناکر ٹھیکے پر دینے ہی ہے تو پھر شہر کے دیگر مقامات پر واقع ریلوے کی پراپرٹی کو استعمال کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو کھیل و کود کی سرگرمیاں میسر آسکیں۔

تازہ ترین