• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مبینہ غلط انجکشن، لڑکےکا ہاتھ کاٹنا پڑگیا

کراچی کے علاقے لانڈھی میں نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے بعد ہاتھ میں زہر پھیلنے سے 13 سالہ حمزہ کا ایک ہاتھ کاٹ دیا گیا۔

والدین کا کہنا ہے کہ غلط انجکشن کے باعث اُن کا بیٹا ایک ہاتھ سے معذور ہوگیا ہے۔

والدین کے مطابق حمزہ ریحان کو 22جون کو لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب نجی اسپتال میں بخار کے باعث داخل کرایا گیا جہاں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے اس کا دایاں ہاتھ کالا پڑ گیا۔ حمزہ کو فوری طور پر پہلے جناح اور پھر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا جہاں جسم میں زہر کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ڈاکٹرز کو حمزہ کا ہاتھ کاٹنا پڑا۔

حمزہ کے والدین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن سے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ ان کے بیٹے کی مکمل صحت یابی کے لئے مالی امداد کی جائے۔

سول اسپتال ٹراما سینٹر کے حکام کے مطابق حمزہ کے جسم میں اب بھی زہر موجود ہے تاہم اُس کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

حمزہ کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ سے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی ایچ او ملیر ڈاکٹر محمد علی نے والدین اور اسپتال سے رابطہ کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

تازہ ترین