• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدثر چیمہ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن جنوبی کوریا کے بلامقابلہ صدر منتخب

جنوبی کوریا میں مقیم معروف کاروباری شخصیت مدثر چیمہ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن جنوبی کوریا کے تیسری بار بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے، گزشتہ دنوں ہونے والے ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔

جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے مدثر چیمہ کو ایک بار پھر ایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے انتخاب سے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مدثر چیمہ نے کہا کہ وہ 15-2013ءتک پہلی دفعہ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے تھے جس کے بعد 17-2015ء تک پہلی بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے، پھر 19-2017ء تک دوسری دفعہ صدر منتخب ہوئے اور تیسری دفعہ 21-2019ء کے لیے پاکستان بزنس ایسوسی ایشن جنوبی کوریا کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔

مدثر چیمہ کے مطابق انہوں نے اپنے دور صدارت میں پوری کوشش کی ہے کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات میں بہتری پیدا ہو، جنوبی کوریا کے سرمایہ کار پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرسکیں اور پاکستان سے سرمایہ کار بھی جنوبی کوریا میں سرمایہ کاری کریں، جس میں انہیں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے، تاہم دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کی ضرورت ہے جس کے لیے وہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

مدثر چیمہ کے مطابق حالیہ الیکشن میں صابر خان جنرل سیکریٹری اور مہر محمد سرور نائب صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ ہماری پوری ٹیم کی کوشش ہے کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان معاشی تعلقات میں بہتری آئے۔

مدثر چیمہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان مجموعی تجارت کا حجم چار سے پانچ سو ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے جو بہت کم ہے جسے بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ ہماری تنظیم بھی حکومتی بازو کا کردار ادا کرے گی، اس وقت سفیر پاکستان رحیم حیات قریشی بہترین خدمات انجام دے رہےہیں لیکن پاکستان میں موجود حکومتی مشینری اور سرمایہ کاروں کو بھی جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات میں خصوصی دلچسپی لینا ہوگی۔

مدثر چیمہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما افضل چیمہ کے بھائی ہیں، افضل چیمہ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کے ہمراہ جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

تازہ ترین