• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روینا ٹنڈن نے زائرہ وسیم کو ’ نا شکری ‘ کہہ دیا

بالی ووڈ بلاک بسٹرفلم دنگل کی ہیروئن زائرہ وسیم نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ انہوں نے بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلموں میں کام کرنا اُن کے مذہب پر برا اثر ڈال رہا تھا، اُن کا ایمان کمزور ہورہا تھا اور اللّٰہ کے ساتھ اُن کارشتہ بھی ٹوٹ رہا تھا۔

زائرہ وسیم نے بالی ووڈ کو خیر باد کہنے کا اعلان اپنے فیس بک اکائونٹ پر کیا تھا، اُن کے اس فیصلے پر جہاں کچھ فنکاروں  او ر سیاسی شخصیات نے اُن کے فیصلے کا احترام کیا اور اُن کی حمایت کی تو کچھ نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا، ان میں اداکارہ روینا ٹنڈن کا نام بھی شامل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر روینا ٹنڈن نےٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ صرف دو فلمیں کرنے والی فلم انڈسٹری کی ناشکری اداکارہ، جسے انڈسٹری نے سب کچھ دیا، اُن کو صرف یہی کہہ سکتی ہوں کہ وہ خوش اسلوبی کے ساتھ بالی ووڈ سے جائیں اور اپنے فضول خیالات اپنےتک ہی رکھیں۔‘

صرف یہی نہیں بلکہ روینا ٹنڈن نے ایک اور ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے زائرہ وسیم پر غصہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنی فلم انڈسٹری سے محبت کرتی ہوں اور اس کے ساتھ کھڑی ہوں، اس انڈسٹری نے ہر ایک کو تمام تر مواقع فراہم کیے ہیں، اس سے علیحدگی آپ کا اپنا انتخاب ہےجبکہ انڈسٹری میں کام کرنے والوں کی تذلیل نہ کی جائے، اس فلم انڈسٹری میں سب کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں جہاں مذہب، رنگ نسل اور علاقے کا کوئی امتیاز نہیں رکھا جاتا۔‘

روینا ٹنڈن کے ان ٹوئٹس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے فوراً بعد انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کیا جو کہ زائرہ وسیم کی حمایت میں تھا، انہوں نے لکھا کہ ’میں اداکارہ کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں، مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرنا، اُن کی زندگی ہے، اُن کی مرضی ہے۔ خود میں روحانیت کودریافت کرنا خوبصورت ہے مگر دوسروں کو ذلیل نہ کریں۔ جب انڈسٹری میں لڑکیاں خراب ہوں گی تو سب سے پہلے اُن کے خلاف میں احتجاج کروںگی۔‘

دوسری جانب اکھیل بھارتیا ہندو مہا سبھا کے صدر سوامی چکرا پانی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں اداکارہ زائرہ وسیم کے بالی ووڈ چھوڑنے کے فیصلے پر خیر مقدم کرتے ہوئےکہا کہ انڈسٹری کی دیگر ہندو اداکاراؤں کوبھی زائرہ وسیم سے سبق سیکھنا چاہئے۔

واضح رہے کہ نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ زائرہ وسیم نےدو روز قبل اچانک بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئےکہا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں ایمان اور برکت کھو رہی تھیں، اُن کا اپنے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا جس کے باعث انہوں نےبالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین