• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو28 رنز سے شکست دے کر اس کے سیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کردیا، اس کے ساتھ ہی میگا ایونٹ میں بنگلہ دیش کا سفر بھی  ختم ہوگیا۔

اب سیمی فائنل کی دو پوزیشن کے لئے پاکستان،انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں مقابلہ ہے۔بھارت نے8میچوں میں چھٹی کامیابی حاصل کی ہے اور اس نے13پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ سے آوٹ ہوگئی ہے۔ بنگلہ دیش نے8میچ کھیلے، اسے چوتھی شکست ہوئی ہے جبکہ اس نے تین میچ جیتے ہیں۔

بدھ کو میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک اور اہم ترین میچ ہوگا، اگر نیوزی لینڈ جیت گیا تو پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لئے بنگلہ دیش کو ہرانا ہوگا ۔ انگلینڈ کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا تاکہ وہ اپنا رن ریٹ بہتر کرسکے۔

آج کے میچ میں روہت شرما کو ان کی شاندار سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔بنگلہ دیش نے2015کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کی تھی۔ بھارت کی ٹیم گذشتہ ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ہے۔

منگل کو ایجبسٹن میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بھارت نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 314 رنز اسکور کئے۔جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم48اوورز میں286رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔سیف الدین نے38گیندوں پر9چوکوں کی مدد سے51ناٹ آوٹ رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے فاسٹ بولر جسپریت بھومرا نے55رنز دے کر چار وکٹ حاصل کی۔ شکیب الحسن 66 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔ آل راؤنڈر شکیب الحسن دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے ایک ورلڈ کپ میں پانچ سو رنز اور دس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

شکیب الحسن نے رواں ٹورنامنٹ میں سات میچوں میں دو سنچریوں کی مدد سے 95 رنز کی اوسط سے 500 سے  زیادہ رنز بنائے  اور ابتک ٹورنامنٹ میں دس وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔

قبل ازیں اوپنرز روہت شرما اور لوکیش راہول نے 180 رنز کا آغاز فراہم کر کے بھارت کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا تھا۔روہت شرما 92 گیندوں میں 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یہ ان کی اس ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی سنچری ہے۔ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن نے 5 وکٹیں حاصل کیں، شکیب الحسن، سومیا سرکار اور روبیل حسین کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

تازہ ترین