پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے دنگل اسٹار زائرہ وسیم کے بالی ووڈ چھوڑنے کے فیصلے کو بے حد سراہا ہے۔
دنگل فلم سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی 18 سالہ زائرہ وسیم نے اتوار کو بالی ووڈ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔
انسٹاگرام پر یمنیٰ زیدی نے زائرہ وسیم کو کمنٹ میں لکھا کہ ’ماشاءاللّہ ، آپ نے کیا ہی خوبصورت فیصلہ کیا ہے، اللّٰہ کرے کہ آپ کو اپنی زندگی میں سکون، خوشیاں اور اطمینانِ قلب حاصل ہو، آپ ایک مضبوط روح کی مالک ہیں ۔‘
واضح رہےبالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے زائرہ وسیم نے کہا تھا کہ فلم انڈسٹری میں کام کرنےکے باعث ان کا ایمان خطرے میں ہے اور ان کا اپنے اللہ سے رشتہ کمزور ہوگیا ہے ۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اپنی تمام تصاویر بھی ہٹادیں ہیں۔
یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے اپنا فلمی کیریئر 2016 میں فلم ’دنگل‘ سے شروع کیا جس میں انہوں نے عامر خان کی بیٹی کا کردار کیا تھا اور ان کی جاندار اداکاری کو مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔
زائرہ وسیم نے ایک اور سپر ہٹ فلم ’سیکرٹ اسٹار‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔ زائرہ وسیم کو ’دنگل‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا اس کے علاوہ انہیں کئی فلمی ایوارڈ زبھی ملے ہیں۔
دنگل اسٹار زائرہ وسیم کے بالی ووڈ چھوڑنے کے فیصلےکے بعد کئی نامور بھارتی شخصیات نے بھی ان کے فیصلے پر ان کو سپورٹ کیا تھا۔