چیئرمین کشمیرکونسل ای یو، علی رضا سید نے بیلجیم کے دو اہم سیاستدانوں کے دو اعلیٰ یورپی اداروں کا سربراہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
علی رضا سید نے سابق وزیراعظم بیلجیم چارلس مشل کو یورپی کونسل کا صدر منتخب ہونے پر اور بیلجیم سے ہی ایم ای پی مس ماریا ارینا کو یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلجیم کے ان ممتاز سیاستدانوں کا اعلیٰ یورپی اداروں میں اہم عہدوں پر فائز ہونا بحیثیت بیلجیم شہری ہمارے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔
علی رضا سید نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان شخصیات کا تقرر یورپ بالخصوص بیلجیم کے اعلیٰ اصولوں کی مزید پاسداری کا باعث بنے گا۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہا کہ دنیا میں انسانی حقوق کے حوالے سے یورپی یونین اور خاص طور پر بیلجیم کا اہم کردار ہے اور یہ نئی تقرریاں انسانی حقوق کے لیے جاری ان کوششوں کو مزید تقویت دیں گی۔
علی رضا سید نے تمام نو متخب اراکین یورپی پارلیمنٹ اور ای یو کے دیگر نئے عہدیداران کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔