• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جگر کے عارضے میں مبتلا نامور گلوکار علی نور کی طبیعت میں بہتری آنے لگی ہے۔


میوزیکل بینڈ نوری کے لیڈ سنگر علی نور جگر کے مہلک عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کی تشویشناک حالت کی خبراُن کے بھائی علی حمزہ اور ساتھی فنکاروں نےسوشل میڈیا کےذریعے دی تھی۔

علی نور کے بھائی علی حمزہ نے نوری بینڈ کے فیس بک پیج پر اپنے بھائی کی صحت سے متعلق ایک بیان جاری کرتے ہوئےلکھا کہ مداحوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ علی نور بہت جلد اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں گے۔ انہوں نے لکھا کہ علی نور کی صحت پہلے سے بہتر ہورہی ہے اور ان کا علاج کامیابی سے جاری ہے۔


انہوں نےجگر کا عطیہ دینے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹرز کے مطابق ڈونر خاندان کا شخص ہی ہوسکتا ہے، لیکن ابھی اس کی ضرورت نہیں ہے، کیوںکہ علی نور کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے علی نور کی صحت کے لیے دعائیں کرنے کی درخواست بھی کی جبکہ انہوں نے ایسے مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بعد ازاں گلوکار علی ظفر نے علی نور کی فیملی کا پیغام پہنچاتے ہوئےاپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ علی نور کی طبیعت بہت بہتر ہوگئی ہے۔ اُن کا علاج بہترین ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہورہا ہے ۔انہوں نے مزید لکھا کہ آپ کے پیار کا بہت شکریہ۔

گلوکار فرحان سعید نے بھی اُن کی طبیعت کی بحالی کے حوالے سے ٹوئٹ کیا۔

چند دن قبل گلوکار کی صحت سے متعلق تشویشناک اطلاع پر ان کے مداحوں اور شوبز ساتھیوں سمیت بڑی تعداد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نےہمدردی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، ساتھ ہی دعاؤں اور جگر عطیہ کرنے کے حوالے سے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔

وینا ملک:

اداکارہ وینا ملک نے بھی علی نور کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی ۔



فخر عالم:

میزبان و اداکار فخر عالم نے بھی ساتھی گلوکار کی صحت کاملہ کے لئے دعا کی۔

نادیہ جمیل:

اداکارہ نادیہ جمیل نے بھی راک اسٹار کے لئے دعاؤں کی اپیل کی۔

علی گل پیر:

گلو کار علی گل پیر نے بھی ساتھی گلوکار کے لئے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ علی نور کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔

عینی خالد :

گلوکارہ عینی خالد نے بھی علی نور کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ میری خدا سے دعا ہے کہ علی نور کی صحت جلد از جلد بہتر ہو۔


ارمینہ خان: 

اداکارہ ارمینہ خان نے بھی علی نور کی صحت کے حوالے سے ٹوئٹ کیا۔


نوری بینڈ

علی نور گائیک ہونے کے ساتھ ساتھ گانے لکھتے اور گٹار بھی بجاتے ہیں۔ انہوں نے 1996 میں اپنے چھوٹے بھائی علی حمزہ کے ساتھ مل کر نوری کے نام سے راک بینڈ قائم کیا۔ جلد ہی اس بینڈ میں بیس گٹارسٹ محمد علی جعفری اور ڈرمر سلمان البرٹ بھی شامل ہو گئے۔

نوری بینڈ کے قیام سے ہی اس میں کافی تبدیلیاں آئیں تاہم علی برادران ہمیشہ اس کا حصہ رہے۔

نوری بینڈ کے مشہور گانوں میں ’سنو کہ میں ہوں جوان‘ اور ’منوا رے‘ آج بھی مداحوں کے لبوں پر موجود ہے۔

تازہ ترین