• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالی ووڈ اداکار کا مسلم مخالف فلمیں کرنے سے انکار

آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار رامی ملک نے ہالی ووڈ فلموں میں مسلمانوں کی متعصبانہ اور منفی عکاسی کا حصہ بننے سے انکار کردیا ۔


نیو یارک میں ڈیلی مرر سے بات کرتے ہوئے مصری نژاد امریکی اداکار رامی سعید ملک نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں ہالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار ڈینیل کریگ کے مدِ مقابل فلم ’ بانڈ25 ‘ میں پیشکش ہوئی تھی جو انہوں نے ٹھکرادی ہے۔


انہوں نے کہا کہ ’میں نے فلم سائن کرنے سے پہلے کئی بار سوچا اور فلم کے ڈائریکٹر کیری جوجی فوکوناگا کو یہ کہہ کر فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا کہ اگر کردار کو عربی بولتے دکھایا گیا یا اسلام کو دہشتگردی کے ساتھ جوڑا گیا تو فلم نہیں کریں گے۔

رامی ملک نے کہا کہ میں نے ہدایتکار کے سامنےکچھ شرائط رکھ دیں ہیں، میں نہیں چاہتا کہ اس کردار کے بعد میرے خاندان کو مشرق وسطی کے دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا جائے۔ ہم کسی بھی کردار کو اور مذہب کو دہشت گردی کے ساتھ نہیں جوڑ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے واضح کردیا ہے کہ میں مصری میراث کے ساتھ مضبوطی سے جڑا ہوا ہوں، میں ایک مصری ہوں اور مصری گانے سُن کر بڑا ہوا ہوں ، مصر میں جو لوگ بستے ہیں وہ میرے اپنے لوگ ہیں، میں مسلم مذہب مخالف کوئی کردار ادا نہیں کروں گا، لہذا اگر مجھے فلم میں کاسٹ کرنا ہے تو ان شرائط پر میں کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘

واضح رہے کہ رامی ملک 1981 ء میں لاس اینجلس میں پیدا ہوئے تھے، اُن کے والدین اُن کی پیدائش سے 3 سال پہلےمصر سے ہجرت کر کے امریکا آئے تھے۔

یاد رہے کہ کیری جوجی فوکوناگا کی ہدایتکاری میں بننے والی مشہورِ زمانہ فلم ’جیمز بانڈ 007‘ کا 25واں سیکوئل فلم ’بانڈ25 ‘ اگلے سال 3 اپریل کو ریلیز کی جائے گی ۔

تازہ ترین