• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینٹر فار ائیرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کا افتتاح


پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پالیسی تھنک ٹینک سینٹر فار ائیرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (CASS)کا افتتاح کردیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے، جبکہ ائیر مارشل شاہد اختر علوی، ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (ٹریننگ) نے اپنے استقبالیہ خطا ب میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

ائیر مارشل (ریٹائرڈ) وسیم الدین نے پاک فضائیہ کے نئے قائم شدہ سینٹر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ائیر و اسپیس کے میدان میں تحقیق کی نئی راہیں کھلیں گی۔

ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ موجودہ دور میں ائیرو اسپیس کے میدان میں روز بروز رونما ہونے والی وسعت اور جدت نے اس ٹیکنالو جی کو اولین ترجیح بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ائیرو سپیس میں اعلیٰ صلاحیتوں کا حصول اس سے متعلق ٹیکنالوجی سے علم و آگہی میں پنہاں ہے جو اس ادارے کا تحقیقی شعبہ مہیا کرے گا۔

ایئر چیف مارشل نے انتظامیہ کے اس کامیاب اقدام کو سراہا اور دستیاب ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ائیرو اسپیس اور سیکیورٹی اسٹڈیز کے روشن مستقبل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں ائیر چیف نے تختی کی نقاب کشائی کر کے نئے قائم کردہ سینٹر کا باضابطہ افتتاح کیا۔

تقریب میں سابقہ ائیر چیفس، سینیٹرز، تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیداران اور مختلف تھنک ٹینکس سے اہم شخصیات اور شعبہ صحافت سے وابستہ بڑی تعدادمیں لوگ شریک ہوئے۔

تازہ ترین