• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 24 گھنٹوں میں بوندا باندی کا امکان

کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد کا کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے، جبکہ جنوب مغرب سے 21 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

ادھر پنجاب میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، منڈی بہاء الدین، حافظ آباد سمیت متعدد مقامات پر بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

آزاد کشمیر میں بھی مختلف مقامات پر مطلع آبر آلود اور موسم خوش گوار ہے، آزاد کشمیر میں کوٹلی، نکیال، برنالہ میں مطلع ابر آلود ہونے سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

فیصل آباد شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے بعد شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

سرگودھا شہر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوش گوار ہو گیا۔

گوجرانوالہ شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے ہر چیز نکھر گئی، ادھر حافظ آباد، منڈی بہاء الدین شہر اور گرد و نواح میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، بھکر، میاں چنوں، چیچہ وطنی اور حجرہ شاہ مقیم میں بھی بارش کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا۔

تازہ ترین