• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبزنس کی چمکتی دمکتی دنیا میں نت نئے تجربات کئے جارہے ہیں۔ چاند اور ستاروں کی طرح آسمان شہرت پر روشنی بکھیرنے والے فنکاروں کو سہ پہر کڑی دھوپ میں تقریب میں بلانے کا تجربہ کیا گیا۔


ٹیلیویژن، فیشن اور فلم سے وابستہ شخصیات سخت گرمی میں ایکسپو سینٹر کا رخ کررہی تھیں۔ فنکاروں کوسہ پہر بلانے کا مقصد صرف اور صرف ٹریفک جام کی تکالیف اور پریشانیوں سے محفوظ رکھنا تھا۔ اس تجربے میں منتظمین تقریب کسی حد تک کامیاب بھی رہے۔

جی ہاں یہ ذکر ہے ’’جیو‘‘ ٹی وی کی پیشکش لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کا جس کا اہتمام کراچی کے ایکسپو سینٹر میں کیا گیا ہے۔

جیسے جیسے سورج بادلوں میں چھپ رہا تھا، فنکارروں کی آمد میں اضافہ ہورہا تھا۔ کچھ فنکار وقت پر آگئے اور وہ اسپلٹ کی ٹھنڈی ہوا کے مزے لینے کیلئے فوراً ریڈ کارپٹ پر پہنچ گئے۔

شام چار بجے ریڈ کارپٹ پر فنکاروں کا میلہ لگا رہا۔ ہر طرف رنگ و نور کی برسات ہورہی تھی ۔ تھیٹر، فیشن، موسیقی، ٹیلیویژن اور فلم سے وابستہ ہنرمند، موسیقار، ڈیزائنر، پروڈیوسر، مصنف، ڈائریکٹر اور فنکاروں کا ایک میلہ لگا ہوا تھا۔

ان گنت فنکاروں کو ایک چھت کے نیچے دیکھ کر مداح پریشان ہوگئے تھے کہ کس کے ساتھ سیلفی بنائیں اور کس سے آٹوگراف لیں۔ اس موقع پر تمام چہرے خوشی اور مسرت سے دمک رہے تھے۔

جہاں نظر پڑتی تھی، بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکاروں کا ایک ہجوم نظر آرہا تھا۔ کہیں نئی نسل کے دلوں پر راج کرنے والی میرا جی جلوہ افروز تھیں، تو کہیں سینئر اداکار ندیم سر پرستی کرتے دکھائی دے رہے تھے، یہ تقرریب رات گئے تک جاری رہے گی۔

تازہ ترین