• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبھی کبھی گرمی میں کھانا کھانے کا بالکل جی ہی نہیں کرتا، لیکن جب دسترخوان پر مختلف پکوانوں کے ساتھ خوش ذائقہ چٹنیاں بھی سجی ہوں، تو نہ چاہتے ہوئی بھی خُوب سیر ہو کر کھالیا جاتا ہے۔ ویسے، چٹنی کی ایک خاصّیت یہ بھی ہے کہ کھانا جلد ہضم کردیتی ہے۔ تو لیجیے، اس بار’’پیارا گھر دسترخوان‘‘کے لیے چٹنیوں ہی کی کچھ تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

بینگن کی چٹنی

اجزاء:بینگن (چھلکے سمیت گول قتلوں کی صُورت کاٹ لیں)آدھا کلو، ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، اِملی کا گُودا آدھا پاؤ، پیاز ایک عدد، تیل آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ، سُرخ مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ اور سفید زیرہ (توے پر بھون کر کُوٹ لیں)دو چائے کے چمچ۔

ترکیب: بینگن کے قتلے اور پیاز الگ الگ فرائی کرکےدو پلیٹوں میں رکھ لیں۔ پھر ایک پیالی میں بینگن اور پیاز کے علاوہ دیگر اجزاء اچھی طرح مِکس کریں اور پتیلی میں تمام اشیاء ڈال کر دھیمی آنچ پر اچھی طرح بھونیں۔پھر ایک باؤل میں نکال کر کھانے کے ساتھ مزے دار بینگن چٹنی کا لطف اُٹھائیں۔

پودینے کی چٹنی

اجزاء: سبز مرچ حسبِ ضرورت، ادرک تقریباً ایک انچ کا ٹکڑا، پودینا(دھوکر صاف کرکے کاٹ لیں)ایک گڈی، پیاز ایک عدد، سرکہ حسبِ ذائقہ، چینی ایک چُٹکی اور نمک حسبِ منشاء۔

ترکیب: تمام اجزاء سِل پر پیس کر ایک باؤل میں نکال لیں۔ہاتھ کی پِسی لذیذ پودینا چٹنی تیار ہے۔

آم کی چٹنی

اجزاء: کچّے آم(چھیل کر قتلوں میں کاٹ لیں)ایک کلو، چینی ایک کلو، سرکہ ایک کپ، نمک حسبِ ذائقہ، ثابت کالی مرچ، ثابت سُرخ مرچ، دارچینی، بڑی الائچی اور سفید زیرہ (ہم وزن) تقریباً آدھا چھٹانک۔

ترکیب: ایک پیالے میں آم کے قتلے، چینی اور نمک اچھی طرح ملا کر دوگھنٹے کے لیے رکھ دیں۔پھر پتیلی میں ڈال کر دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ بعدازاں، دیگر اجزاء ایک پوٹلی میں باندھ کر اس میں ڈال دیں۔جب پانی خشک ہوجائے، تو سرکہ شامل کرکے چند منٹ تک پکاکر پوٹلی نکال کے چولھا بند کردیں۔ٹھنڈا ہونے پر کسی جار یا بوتل میں بَھر کر محفوظ کرلیں۔

حیدر آبادی چٹنی

اجزاء: ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) ایک گڈی، پودینا (باریک کٹا ہوا) ایک گڈی، ہری مرچیں چھے عدد، اِملی کا گُودا ایک پیالی، ثابت سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ،ثابت لال مرچ تین عدد، لہسن (چھلکوں سمیت) چار جوے اور نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: سفید زیرہ، سُرخ مرچ اور لہسن توے پر بھون لیں، پھر گرائنڈر میں تمام اجزاء ڈال کر گرائنڈ کرلیں۔مزےدارحیدرآبادی چٹنی تیار ہے۔

لیموں کی چٹنی

اجزا: کاغذی لیموں ایک کلو،کشمش ایک پاؤ،ادرک(باریک کاٹ لیں) ایک انچ کا ٹکڑا،نمک حسبِ ذائقہ،سُرخ مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،پانی آدھا کپ اور چینی تین پیالی۔

ترکیب: لیموں دھوکر رس نکال لیں اور چھلکوں کا گُودا بھی چُھری کی نوک سے نکال لیں، جب کہ چھلکے پیاز کی طرح لچّھوں میں کاٹ لیں۔ پھر ایک پتیلی میں آدھا کپ پانی، چُٹکی بَھر نمک اورلیموں کے چھلکوں کے لچّھے ڈال کر پکنے کے لیے چولھے پر رکھ دیں۔ لچّھے نرم ہوجائیں، تو چھلنی سے چھان لیں۔ اب چینی کا قوام تیار کریں، جب قوام ایک تار چھوڑنے لگے، تو اس میں لیموں کا رس، چھلکے، گُودا اور دیگر اجزاء شامل کرکے پکنے دیں،جب آمیزہ آدھا رہ جائے، تو چولھا بند کرکے اُتار لیں، ٹھنڈا ہونے پر بوتل میں محفوظ کرلیں۔

انار دانے کی چٹنی

اجزاء: اناردانہ 50گرام،سُرخ مرچ آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ منشاء، ہرادھنیا آدھی گڈی اور پودینا چند پتّے۔

ترکیب: انار دانہ صاف کرکے سِل پر پیس لیں۔ اب اس میں دیگر اجزاء شامل کرکےایک بار پھر سِل پر اتنا پیسیں کہ تمام اشیاء یک جان ہوجائیں۔ تھوڑا ساپانی ڈال کر پلیٹ یا پیالے میں نکال لیں۔ یہ چٹنی دال، چاول کے ساتھ کھائیں، بہت لُطف دے گی۔

تازہ ترین