کنگنا رناوت کی بہن رنگولی چینڈل اکثر اپنے متنازع ٹوئٹس کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔ خصوصاً کنگنا اور ہرتیک کے معاملے میں وہ ہرتیک کو بے عزت کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں۔
کنگنا اور ہرتیک کےتعلقات پچھلے کئی سالوں سے کافی خراب چل رہے ہیں، دونوں اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں پر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے سے لڑتے نظر آتے ہیں اور ان کی لڑائی میں کنگنا سے زیادہ اُن کی بہن رنگولی کا کردار ہوتا ہے جو بغیر کسی کا لحاظ کیے اُنہیں کھری کھری سنا دیتی ہیں۔
کچھ روز قبل اداکار ہرتیک روشن نے اپنے ایک پیغام میں کنگنا کو ’لڑاکا‘ کہہ دیا جو کہ اُن کو بہت مہنگا پڑگیا۔ ہرتیک کے ٹوئٹ کرنے کی دیر تھی کہ رنگولی چینڈل نے تو فوراً انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا اور نہایت نا شائستہ زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں سوشل میڈیا پر ایسی باتیں سنائیں کہ سب ہی حیران رہ گئے۔
رنگولی کے اس ٹوئٹ کے بعد سے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس سے قبل بھی وہ کئی مرتبہ ہرتیک کو ایسے ہی کچھ باتیں سنا چکی ہیں۔ اور نا صرف یہ بلکہ وہ اداکارہ عالیہ بھٹ، تپاسی پنو اور ورن دھون کے لیےبھی ایسے ہی نازیبا اور نا شائستہ الفاظ استعمال کرچکی ہیں۔
اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ’’جج مینٹل ہے کیا‘‘ کے ٹریلر ریلیز ہونے پرکئی اداکاروں نے فلم کے ٹریلر کی تعریف کی جن میں اداکارہ تاپسی پنوں بھی شامل تھیں۔ تاہم کنگنا کی بہن رنگولی چینڈل نے تاپسی کی تعریف کرنے پر انہیں سراہنے کے بجائے الٹا ان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں کنگنا رناوت کی ’سستی کاپی‘ قرار دے دیا۔