• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری دو روزہ انٹرا افغان مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن صرف تمام شراکت داروں کے درمیان مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان ایک متحد اسلامی ملک ہے جس میں کئی قومیتیں بستی ہیں، تمام افغان اسلام کی بالا دستی، سماجی و سیاسی انصاف، قومی اتحاد اور علاقائی خود مختاری پر متفق ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان قوم نے تاریخ بالخصوص گزشتہ 40 برس میں اپنے مذہب، ملک اور کلچر کا بھرپور دفاع کیا۔

اعلامیے میں فریقین نے بین الاقوامی برادری اور علاقائی و داخلی عناصر پر افغان اقدار کے احترام پر زور دیا ہے۔

اعلامیے میں فریقین پر دھمکیوں، بدلوں اور متنازع الفاظ سے اجتناب کرنے جبکہ نرم الفاظ اور اصطلاحات کے استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں شرکاء نے دوحہ میں ہونے والے حالیہ امن مذاکرات کی حمایت کرنے، ملک کو جنگ سے بچانے کے لیے اقدامات پر زور، بوڑھے، بیمار اور معذور قیدیوں کی غیر مشروط رہائی کا اعادہ کیا ہے۔

فریقین نے سرکاری اداروں، اسکولوں، مدارس، اسپتالوں، بازاروں، ڈیموں، کام کی دیگر جگہوں کا تحفظ یقینی بنانے نیز اسکول، کالج، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں کے احترام کا اعادہ کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں فریقین نے عوام کی جان اور مال کا احترام کرنے اور شہری ہلاکتوں کو صفر تک لانے کا اعادہ بھی کیا ہے۔

اعلامیے میں اسلامی اقدار کے مطابق خواتین کو سیاسی، سماجی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی حقوق دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

تازہ ترین