• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں سال فرسٹ کلاس ڈھانچہ مکمل تبدیل ہوجائیگا، احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ رواں سال فرسٹ کلاس ڈھانچہ مکمل تبدیل ہوجائے گا۔ ہوسکتا ہے کہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ دو مرحلوں میں کرایا جائے۔ صوبائی ٹیموں پر مشتمل نئے ٹورنامنٹ کا آغاز ستمبر یا اکتوبر میں کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سوچ سمجھ کر تبدیلی کی ہے اور نئے نظام کو مثالی بنائیں گے۔

نمائندہ جنگ کو انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بار، بار اس لئے ورلڈ کپ جیسے سانحہ سے گزرتی ہے کہ ہماری کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ کمزور تھا، مضبوط ڈھانچے کے وقت کے ساتھ ساتھ دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستانی کرکٹرز کو سپر ایتھلیٹ بننا ہوگا۔ کرکٹرز کا جسم ایتھلیٹس جیسا ہونا چاہئے۔ یہ نظام اپنی تبدیلی کے اثرات راتوں رات نہیں دکھائے گا بلکہ اس کے لئے تھوڑا سا وقت درکار ہوگا۔

احسان مانی نے کہا کہ ہمارا پرانا سسٹم جس طرح کا تھا اس میں کبھی بہت اچھی کارکردگی ہوتی تھی اور کبھی بری، جب بھی تین چار اچھے کھلاڑی آجاتے تھے ٹیم جیتنے لگتی تھی، جب وہ پلیئر تھوڑی مشکل میں آتے تھے ٹیم ہارنے لگتی تھی۔

احسان مانی نے کہا کہ نیا فرسٹ کلاس سسٹم پرفارمنس کی بنیاد پر ہوگا۔ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ فٹنس کا ہے۔ عام زندگی ہو یا کرکٹ کی فیلڈ ہمیں فٹنس کا کلچر دکھائی نہیں دیتا۔ ہمیں یوتھ کرکٹ سے فٹنس کا کلچر لانا ہوگا۔ انڈر13 اور انڈر16 کو پاکستان کرکٹ کی بنیاد بنایا جائےگا۔ مستقبل میں ہمارے کرکٹرز بھی سپر ایتھلیٹ ہوں گے۔ فٹنس ٹھیک ہوگی تو فیلڈنگ بھی بہتر ہوگی۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ کوہلی کی فٹنس دنیا بھر کے کرکٹرز کے لئے مثال ہے۔ نئے فرسٹ کلاس ڈھانچے کا مقصد فرسٹ کلاس کو نظام کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ پورے سسٹم کو بھی تبدیل کرنا ہوگا۔ مستقبل میں ہمارا فرسٹ کلاس نظام مکمل پروفیشنل ہوگا جس میں ٹرانسپیرنسی کو اہمیت دی جائے گی۔ پروفیشنل لوگ اس نظام کو چلائیں گے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اب بندر بانٹ نہیں ہوگی بلکہ 100 سے زائد ٹاپ کھلاڑی فرسٹ کلاس کھیلیں گے جس میں کوالٹی زیادہ ہوگی اور مقابلے کا رجحان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کرکٹرز قدرتی طور پر باصلاحیت ہوتے ہیں اور جب ان کھلاڑیوں کو سخت کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا تو ان کی صلاحیت میں مزید نکھار آئے گا۔

تازہ ترین