• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذہین طاہرہ کے انتقال سے ٹی وی کے سنہرے دور کا اختتام

ماضی کی صف اول کی اداکارہ روحی بانو اور معروف اداکار قاضی واجدکی وفات کے بعد پی ٹی وی کی سنیئر اداکارہ ذہین طاہرہ بھی دنیائے فانی سے کوچ کرگئیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ذہین طاہرہ کی عمر 70برس تھی ، گزشتہ ماہ ان کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج تھیں۔ خیال رہے کہ اسی دوران ان کی موت کی  افواہیں بھی گردش کرنے لگیں، تاہم ان کے صاحبزادے نے ان کی موت کی خبر کی تردید کی تھی۔

پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سنیئر اداکارہ ذہین طاہرہ 1949میں بھارت کے شہر لکھنو میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1960 کی دہائی میں پاکستان ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا اور اس دور کی بہترین اداکاراؤں عذرا شیروانی، بیگم خورشید مرزا، طاہرہ واسطی، عشرت ہاشمی، طاہرہ نقوی ودیگر کی موجودگی میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔

بعدازاں خالدہ ریاست، بدرخلیل، ساحرہ کاظمی، عظمیٰ گیلانی اور روحی بانو جیسی بہترین اداکاراؤں کےسا تھ کام بھی کیا۔ انہوں نےکئی دہائیوں تک پی ٹی وی میں کئی مقبول ڈراموں میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

ان کامقبول ترین ڈرامہ’’ خدا کی بستی‘‘ ہے۔ انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں بہترین اداکاری کا جادو جگانے کے بعد فلموں میں بھی کام کیا۔ 70سالہ اداکارہ نے 2003میں ٹیلی فلم’’ مراد‘‘ میں دادی کا کردار نبھایا اور 2014 میں نامور ڈائریکٹر کی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘میں اداکار جاوید شیخ کی والدہ کا کردار ادا کیا۔ اس فلم نےباکس میں 14کروڑ روپےکا بزنس کیا۔

ذہین طاہرہ مختلف نجی چینلز میں سیکڑوں ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔ انہوں نے ’’حج اکبر، شوشا، منزل، عروسہ، دستک، دیس پردیس، کالی آنکھیں، کہانیاں، وقت کا آسمان، ماسی اور ملکہ، راستے دل کے، کیسی ہیں دوریاں، شمع، دل دیا دہلیز، ،طاہر لاہوتی ،انوکھا بندھن، نور پور کی رانی، خالہ خیرن، جینا اسی کا نام ہے، چاندنی راتیں، آئینہ، ہیر، نور جہاں، تمہارے بنا، مراسم، بن روئے، تجھ پہ قربان، ببن خالہ کی بیٹیاں، برفی لڈو‘‘ سمیت کئی ڈراموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔

ذہین طاہرہ کو حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں  تمغہ امتیازسے بھی نوازا ۔

تازہ ترین