• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر اتحاد پشاور کینٹ کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی

پشاور( وقائع نگار) تاجر اتحاد پشاور کینٹ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی تختو جماعت سے میاں اقبال چوک تک نکالی گئی جس کی قیادت تاجر اتحاد کے چیئرمین مجیب الرحمان اور شرافت علی مبارک کر رہے تھے جس میں مختلف بازاروں کے صدور‘ حاجی امین حسین بابر‘ شوکت اللہ ہمدرد‘ ظفر منہاس‘ محمد شوکت اور دیگر صدور اور دکانداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تاجروں نے ہاتھوں میں کالے جھنڈے‘ بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور آئی ایم ایف زدہ بجٹ نا منظور‘ کنٹونمنٹ بورڈ کے ظالمانہ ٹیکسز نا منظور‘ کسٹم کے چھاپے نا منظور اور مہنگائی نا منظور کے نعرے لگائے۔ تاجر اتحاد پشاور کینٹ کے چیئرمین مجیب الرحمان نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف بجٹ ہے اس بجٹ کو نہیں مانتے اور یکسر مسترد کرتے ہیں نیازی حکومت نے تبدیلی اور انصاف کے جو وعدے کئے تھے اس کو عملی جامہ پہنایا جائے نہ کہ ان وعدوں کی دھجیاں اڑائی جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے نہ کیا جائے اور تاجروں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کئے جائیں بصورت دیگر تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو ہونے والے ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس ہڑتال کو کامیاب کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے کیونکہ حکومت نے غریب عوام کو کہیں کا نہیں چھوڑا ہے کیونکہ اس کٹھن دور میں اشیائے خوردونوش اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے واضح کردیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن حکومت ہے۔
تازہ ترین