• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی شکست پر پاکستانی فنکاروں نے کیا کہا؟

ورلڈ کپ 2019کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈکے ہاتھوں بھارت کی شکست پر جہاں پاکستانی عوام بے حد خوش ہے وہیں شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

معروف اداکار گوہر رشید نے اپنے ٹوئٹ میں بھارتیوں کو پیزا کی پیشکش کرتے ہوئے لکھا کہ ’آؤ ہمسایو پیزا برگر ساتھ کھاتے ہیں ۔‘

اداکار فیصل قریشی نے بھارتی پائلٹ کی چائے کو یاد کرتے ہوئے بھارتیوں پر طنز کیا کہ ’چائے بہت مزیدار تھی‘۔

میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی اللّہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ پاکستان زندہ آباد لکھا ۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں اداکار نےنیوزی لینڈ کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی پاکستانی کِٹ میں ملبوس تصویر لگاتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میرے عزیز ہم وطنوں مبارک ہو۔‘

فہد مصطفیٰ کی اس ٹوئٹ پر اداکارہ شائستہ لودھی اور اداکار فیضان شیخ نے بھی اپنے جواب سے مداحوں کو خوش کردیا۔

فیضان شیخ نے جواب میں لکھا کہ کوہلی تعاقب نہیں کرسکتا یہ ہم نے 2017میں ہی کہہ دیا تھا۔

اداکارہ مہوش حیات نے بھی نیوزی لینڈ کو شاندار فتح حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ آج کا میچ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ کرکٹ ایک غیر متوقع کھیل ہے لیکن آج ایک بہترین ٹیم کامیاب ہوئی ہے ۔

اداکار ہمایوں سعید نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی محنت کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن یہ واضح طور پر نیوزی لینڈ کا دن تھا۔

انہوں نے فاتح نیوزی لینڈ کو فائنل میں پہنچنے کی مبارک باد بھی دی ۔

تازہ ترین