• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا مکمل آؤٹ کلاس، انگلینڈ سیمی فائنل میں فتحیاب، ورلڈکپ ٹرافی ایک قدم دور

برمنگھم (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) میزبان انگلینڈ نے دفاعی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو مکمل آئوٹ کلاس کرتے ہوئے ورلڈکپ فائنل میں جگہ بنالی۔ ٹرافی اس سے ایک قدم دور رہ گئی ہے۔ ہوم گرائونڈ پر انگلینڈ تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کے لئے فیورٹ ہے۔ ایجبسٹن میں جمعرات کو انگلینڈ نے آسٹریلیا کو8وکٹ سے شکست دے دی اور انگلینڈ کی جیت کے ساتھ ہی بارش شروع ہوگئی۔ کپتان مورگن نے39گیندوں پر45اور جو روٹ نے46گیندوں پر 49رنز بنائے دونوں ناٹ آئوٹ رہے۔ انہوں نے تیسری وکٹ کی نا قابل شکست شراکت میں79رنز بنائے۔ انگلینڈ نے ہدف 107گیندوں پہلے دو وکٹ کے نقصان پر عبور کر لیا۔1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ 1992کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔96 میں لاہور میں سری لنکا نے پہلی بار ورلڈ کپ جیتا تھا۔ آسٹریلیا کو پہلی بار سیمی فائنل میں شکست ہوئی۔ اتوار کو لارڈز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں گروپ میچوں میں پاکستان سے شکست سے دوچار ہوچکی ہیں۔ انگلینڈ نے روایتی حریف کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرکے اپنے تماشائیوں کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ جیت کے ساتھ ہی برمنگھم میں انگلش تماشائی جشن منارہے تھے۔ سڑکوں پر ناچ گانے کے دوران آسٹریلوی تماشائی مایوس کن انداز میں روانہ ہوئے۔ انگلش بولروں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 49اوورز میں 223رنز بنا کر آؤٹ کردیا ۔ 7کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ ایرون فنچ اور مارکوس اسٹوئنس کوئی رن نہ بناسکے۔ کرس ووکس نے بیس اورلیگ اسپنر عادل رشید نے54رنز دے کرتین، تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولررہے جبکہ جوفرا آرچر نے 32رنز دے کر دو شکار کیے ۔ انگلش اوپنرز جیسن رائے اور جانی بیئرسٹو نے پہلی وکٹ پر124رنز کا اضافہ کرکے آسٹریلیا کی بولنگ کو بے اثر کردیا۔ جیسن رائے نے65 گیندوں پر پانچ چھکوں اور9چوکوں کی مدد سے85رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔بیئرسٹو نے43گیندوں پر34رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ اس سے قبل سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ نے مزاحمت کی اور119گیندوں پر85رنز بنائے۔ انہوں نے چھ چوکے مارے ۔انگلینڈ کے بولروں نے ابتدا ہی میں تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 کے مجموعے پر ہی ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹر ہینڈزکومب کو آؤٹ کردیا۔ اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے ٹیم کو سنچری پارٹنر شپ فراہم کی اور ٹیم کو بحران سے نکالا۔ عادل رشید46 رنز بنانے والے ایلکس کیرے اورمارکس اسٹوئنس کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کو دوبارہ میچ میں واپس لائے۔ گلین میکس ویل نے 23 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ 166پر سات وکٹ گرنے پر اسٹیو اسمتھ کو مچل اسٹارک کا ساتھ ملا۔ انہوں نے 8ویں وکٹ پر قیمتی 51رنز جوڑے جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم 200رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔ اسمتھ 85رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے۔ اگلی ہی گیند پر کرس ووکس نے اسٹارک کو 29رنز پر پویلین بھیج دیا۔ اگلے اوور میں مارک ووڈ نے جیسن بہرن ڈورف کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

تازہ ترین