• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجروں کی ہڑتال، پیچھے کوئی اور، مسائل گہرے، تاجروں سے معاملات طے نہیں ہوئے تواللہ مالک ہے، ریفنڈ کا نیا نظام لارہے ہیں، چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد(خبرایجنسیاں ) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی جانب سے ہڑتال کرنے کا کوئی جواز نہیں ، فرنٹ پر کوئی اوربیک پر کوئی اور ہے،اگر معاملات حل نہیں ہوئے تواللہ مالک ہے لیکن تاجر برادری کے ساتھ معاملات کو بہتر طریقے سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، حکومت کی جانب سے شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں کی جا سکتی،ریفنڈ کا نیانظام لارہے ہیں،پاکستان کو چیلنجز کا سامنا، ڈیڈ لاک پیدا کرنانہیں چاہتے ، مسائل طریقے سے ہینڈل کرینگے،ٹیکسٹائل کی کوئی انڈسٹری بند نہیں، آٹے اور میدےپر ٹیکس نہیں لگایا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کی جانب سے پڑتال کا کوئی جواز نہیں ، پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامناہے جبکہ ہمیں کوئی ڈیڈ لاک نہیں پیداکرنا ، مسائل کو طریقے سے ہینڈل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مینو فیکچررز کی درآمدی خام مال پر ایگزیمیشن سر ٹیفکیٹ کا خود کار نظام کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے ۔ چیئر مین ایف بی آر نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل کی کوئی انڈسٹری بند نہیں ہے جبکہ مسائل کی گہرائی بہت زیادہ ہے اور فرنٹ پر کوئی اوربیک پر کوئی اور ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ کیا معاملات ہیں ، تاجر کہتے ہیں کہ شناختی کارڈ کی شرط ختم کریں تو باقی سب مان جائیں گے لیکن حکومت شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے خلاف سیکشن114کے تحت نوٹسز جاری کرنے کا آغاز کر دیا ہے اور پہلے بھی لوگوں کو بے نامی جائیدادیں ظاہر کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا اور بہت وقت بھی دیا گیا ہے ۔دوسری جانب چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ آٹا اور میدہ پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا ۔ ایک بیان میں چیئرمین ایف بی آرنے کہاکہ اس حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔

تازہ ترین