• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: لیاری میں رینجرز کی کارروائی، اسلحہ اور بم برآمد

پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے لیاری شاہ بیگ لین میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ، ایمونیشن اور آوان بم بر آمد کر لیے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، برآمد شدہ اسلحہ اور ایمونیشن لیاری گینگ وار کی جانب سے ممکنہ دہشت گردی اور جرائم کی کارروائیوں کے لیے چھپایا گیا تھا۔

رینجرز ذرائع کے مطابق بر آمد کیا گیا اسلحہ اور ایمونیشن لیاری گینگ وار کی جانب سے انتہائی مہارت کے ساتھ چھپایا گیا تھا، بر آمد کیے گئے ہتھیاروں میں 2 ایل ایم جیز، 2 ایس ایم جیز، 3 آٹھ ایم ایم کی رائفلیں، ایک ریپیٹر، 9 ایم ایم کا ایک پسٹل،ایک 30 بور پسٹل، 22 بور کا ایک پسٹل، 4 ایمونیشن بُلٹ بکس ایل ایم جی، 2 ایمونیشن بلٹ ایس ایم جی اور 25 آوان بم شامل ہیں۔

برآمد شدہ ایمونیشن میں ایل ایم جی کے 2 ہزار راؤنڈز، 8 ایم ایم کے 4230 راؤنڈز، ایس ایم جی کے 30 راؤنڈز، 38 بور کے 20 راؤنڈز اور 22 بور کے 9 راؤنڈز شامل ہیں۔

رینجرز نے عوام سے شر پسند عناصر کی نشاندہی کے لیے قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین