• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جج کو ہٹانے کا فیصلہ پہلے آجانا چاہئیے تھا، کائرہ

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے کے فیصلے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پہلے آ جانا چاہئیے تھا۔

قمر زمان کائرہ نے لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ تاخیر سے سہی مگر اب فیصلہ آ گیا ہے تو معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیے، فیصلہ اس امر کا اظہار ہے کہ اعلیٰ عدلیہ نے جج ارشد ملک کی وضاحت قبول نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو چاہئیے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کروا کر تمام کرداروں کو بے نقاب کرے، اس معاملے کو صرف جج کو ہٹائے جانے تک محدود نہیں رہنا چاہئیے بلکہ تحقیقات کر کے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کیا جائے۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ جج پر الزامات ریاستی ڈھانچے اور اداروں کی کارکردگی پر سنجیدہ سوال کھڑے کرتے ہیں، جج پر لگنے والے الزامات کی حقیقت تحقیقات کے بغیر  سامنے نہیں آسکتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، اسے منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔

تازہ ترین