• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبا قمر نے ڈرامہ ’چیخ ‘ میں کام کیوں کیا؟

چیلنجنگ کردار ادا کرنے والی اداکارہ صبا قمر نے اپنے مشہور زمانہ ڈرامہ سیریل ’چیخ ‘ میں کام کرنے کی وجہ بتادی۔

بےشمار معاشرتی مسائل پر مبنی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی صبا قمر کا آج کل ڈرامہ’ چیخ ‘بے حد مقبول ہو رہا ہےجس میں وہ منت کا مرکزی کردار ادا کرتی نظر آرہی ہیں۔

ڈرامہ اسکرپٹ کے مطابق منت اپنی قتل ہونے والی دوست نایاب کو انصاف دلانے کے لیے اپنے ہی دیور وجیہہ تاثیر کے خلاف اْٹھ کھڑی ہوتی ہے۔

ڈرامے میں صبا قمر کے ساتھ اعجاز اسلم، بلال عباس،عماد عرفانی بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ معاشرتی مسائل پر بنی اس ڈرامہ سیریل کو بے حد پسند کیا جارہاہے۔

صبا قمر کا ڈرامہ ’چیخ ‘ سے متعلق کہنا ہے کہ ہمیں معاشرے میں بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بہت سی باتیں ایسی بھی ہیں جن سے متعلق ہمیں بات کرنے کی ضرورت بھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں پیش آنے والے مسائل کے حل اور اس کی اصل عکاسی کرنے کے لیے ’چیخ‘ جیسے  ڈرامے میں کام کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہوں۔

اداکارہ کا مزید کہنا ہے کہ میں ہمیشہ کہتی ہوں کہ ہمیں اپنے معاشرے کے مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے اور جن مسائل کا ہم لوگوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے اگر ان مسائل کے خلاف ہم آواز بلند نہیں کریں گے تو اور کون کرے گا۔

واضح رہے شوخ ،چنچل اور سنجیدہ کردار یکساں مہارت سے ادا کرنے والی صبا قمر 2006ء میں شوبز کی دنیا کا حصہ بنیں۔

انہوں نے ڈرا مہ’’میں عورت ہوں‘‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ صبا قمر کا شمار اُن فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے شوبز کے ہر شعبے میں اپنے فن کے جلوے بکھیرے ہیں۔


صبا قمر نے پاکستان ٹی وی انڈسٹری کو بےشمار ہِٹ ڈرامے دیئے جن میں  باغی ، بے شرم ، اُڑان، مات، کاش ایسا ہو اور دیگر شامل ہیں ۔


اداکارہ کی آئینہ، منٹو، لاہورسے آگے مشہور پاکستانی فلمیں ہیں جبکہ بالی ووڈ میں انہوں نے فلم ’’ہندی میڈیم ‘‘ سے ڈیبیو کیا۔


صبا قمر کی جاندار اداکاری کے اعتراف میں انہیں  2012میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز بھی دیا گیا اور وہ متعدد مرتبہ ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں، اُن کو ملنے والے ایوارڈز کبھی متنازعہ بھی نہیں رہے۔ صبا نے اپنی صلاحیتیں ناظرین اور ناقدین سب سے منوائی ہیں۔

تازہ ترین