• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عارف حفیظ سندھ کھوکھو کے بلامقابلہ صدر، ریحانہ آصف سیکریٹری منتخب

عارف حفیظ سندھ کھوکھو ایسوسی ایشن کے صدر جبکہ ریحانہ آصف سیکریٹری منتخب ہوگئیں۔

سندھ کھوکھو ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس گلشن اقبال کراچی میں ہوا۔

ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ اگلے چار سال کیلئے سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے انتخابات فیڈریشن کے سیکریٹری شبیر احمد اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت کی زیر نگرانی ہوئے،نوشاد احمد خان الیکشن کمشنر تھے۔

اس موقع پر بلوچستان کھو کھو ایسوسی ایشن کے عطا اللہ کاکڑ اور میرپورخاص کے اختر ملک نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

انتخابات کے موقع پر کسی دوسرے پینل کے افراد نے شرکت نہیں کی جس پر تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوگئے، جن میں عارف وحید خان چیئرمین، ڈاکٹر محمد عارف حفیظ صدر، شبیر احمد سینئر نائب صدر، وسیم حیدر جعفری اور اسرا کیریو نائب صدور، ریحانہ آصف سیکریٹری، طارق خان خزانچی، محمد رضوان اور زلیخا زرداری ایسوسی ایٹ سیکریٹریز جبکہ عبدالباسط اور امتیاز احمد شیخ ممبرز منتخب ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان کھو کھو فیڈریشن کے سیکریٹری شبیر احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم نے ساؤتھ ایشن گیمز میں اچھا کھیل پیش کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے نو منتخب عہدیداران کھیل کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔

احمد علی راجپوت نے نئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کا تعاون ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہوگا۔

نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف حفیظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پاکستان کھو کھو فیڈریشن کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

عارف حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم سندھ بھر میں کھوکھو کے فروغ کیلئے کام کریں گے اور گراس روٹ لیول پر کھیل کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی اداروں میں بھی ایونٹس کا انعقاد کریں گے۔

نو منتخب چیئرمین عارف وحید نے کہا کہ کھوکھو کا کھیل نہ صرف ساؤتھ ایشیا بلکہ دوسرے ملکوں میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

انہوں نے چیئرمین منتخب کرنے پر تمام ڈویژن کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں نو منتخب سیکریٹری ریحانہ آصف نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔

تازہ ترین