• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، قتل کے ملزم کی لاک اپ میں مبینہ خودکشی

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بیوی کے قتل میں نامزد ملزم نے تھانے کے لاک اپ میں مبینہ طور پر خودکشی کر لی، لاش کا پوسٹ مارٹم مجسٹریٹ کی موجودگی میں آج دوپہر کیا جائے گا۔

سرجانی تھانے میں بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار شوہر منیر نے لاک اپ میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی، پولیس کی جانب سے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم پولیس سرجن اور مجسٹریٹ کی غیر موجودگی کے باعث پوسٹ مارٹم مؤخر کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق صبح مجسٹریٹ اور پولیس سرجن کی موجودگی میں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، پولیس کے مطابق 10 جولائی کو تیسر ٹاؤن میں گھر سے خاتون روزینہ کی لاش ملی تھی، لاش ملنے کا مقدمہ روزینہ کے والد نے درج کرایا تھا۔

مقدمے میں سسر نے داماد کو بیٹی کا قاتل نامزد کیا تھا جس کے بعد پولیس نے شوہر منیر حسین کو دو روز قبل گرفتار کر کے اس کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے آنے کے بعد واضح ہوں گے کہ منیر کی موت واقعی خودکشی کے باعث ہوئی یا کسی تشدد کے باعث ہوئی ہے۔

تازہ ترین