• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پولیس نے گمشدہ قیمتی سامان تاجر کے حوالے کردیا

کراچی کی ایئرپورٹ پولیس نے لندن پلٹ پاکستانی تاجر کے گمشدہ دو ہزار پاؤنڈز، آئی فون اور دیگر قیمتی سامان تلاش کرکے واپس کردیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والا تاجر عبدالرؤف   11جولائی کو لندن سے عمان ایئرلائن کی پرواز ڈبلیو وائی 325 سے کراچی پہنچا تھا۔

عبدالرؤف نے رات11بجے پارکنگ میں تمام سامان کار میں منتقل کیا اور موبائل پر گفتگو کے دوران وہ ایک بیگ ٹرالی میں ہی بھول گیا اور کار میں سوار ہو کر اپنے گھر کے لئے روانہ ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گھر پہنچ کر چھوٹا سفری بیگ کار میں نہ پاکر عبدالرؤف گھر سے واپس کراچی ایئرپورٹ آیا۔ کافی تلاش کے باوجود بیگ نہ ملا تو عبدالرؤف نے ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن پہنچ کر بیگ چوری ہونے کی اطلاع دی۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق چھوٹے سفری بیگ میں دو ہزار پاؤنڈ، نیا آئی فون اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا، اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری تلاش شروع کردی۔

ایس ایچ او ایئرپورٹ انسپکٹر کلیم موسیٰ نے ’جنگ‘ کو بتایا کہ پولیس نے بیگ تلاش کرنے کے لئے کراچی ایئر پورٹ کے پارکنگ ایریا کے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی، پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کے معائنے کے دوران ایک جیپ سوار شخص کو ٹرالی سے بیگ اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ جدید طریقے سے اس جیپ کا نمبر اور پتہ حاصل کرکے پولیس ملیر کے علاقے رفاع عام سوسائٹی میں گھر پہنچ گئی۔

ایس ایچ او ایئرپورٹ کے مطابق اہل خانہ نے بتایا کہ گاڑی کی مالک خاتون انتقال کرچکی ہے، اہل خانہ نے جیپ اپنے ہی کسی جاننے والے شخص کو فروخت کر دی تھی۔ ان کی مدد سے پولیس نے دوسرے گھر کا سراغ لگایا اور کوشش کے دوران بیگ لے جانے والے شخص کو پکڑ کر تمام سامان برآمد کرلیا۔

ایس ایچ او کلیم موسیٰ کے مطابق سفری بیگ سمیت ملنے والے دو ہزار پاؤنڈ، آئی فون اور دیگر قیمتی سامان پولیس نے تاجر عبدالرؤف کے حوالے کردیا۔

بھاری رقم، موبائل فون اور سامان ملنے پر عبدالرؤف نے ملزم کو معاف کرکے رہا کرا دیا۔

ایس ایچ او کلیم امام نے بتایا کہ تاجر عبدالرؤف کی جانب سے ایئرپورٹ تھانے کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے جبکہ پولیس نے تاجر کی جانب سے انعام لینے سے بھی معذرت کرلی۔

تازہ ترین