• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی منظر نامے میں بے یقینی نظر آرہی ہے، پیر مظہر الحق

سابق سینئر صوبائی وزیر اور ممبر پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی، پیر مظہر الحق نے کہا ہے کہ قومی منظر نامے میں افراتفری، بے چینی اور بے یقینی نظر آرہی ہے، حکومت ہے یا نہیں کچھ پتہ نہیں چل رہا، لوگوں کا اعتماد اور اعتبار اس حکومت اور نظام سے اٹھ رہا ہے، اگر اس نظام کو کچھ ہوا تو ملک کو نقصان پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹر نیشنل کے چیئر مین اور پی پی پی برطانیہ کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عمر میمن کی قیام گاہ پر منعقدہ عشائیے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بجٹ نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

پیر مظہر الحق نے حالیہ جج اسکینڈل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتوں سے عدلیہ کا وقار مجروح ہونے کا خدشہ ہے۔ عدلیہ کو عوام میں اپنا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی اور پی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ سر جوڑ کر بیٹھیں اور کوئی راستہ نکالیں۔

راشد ربانی نے کہا کہ بجٹ جیسے تیسے منظور کروایا گیا لیکن اس کا خمیازہ لوگ بھگت رہے ہیں، تاجر ہڑتال پر مجبور ہیں جب کہ کاروبار اور صنعتیں بند پڑی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اپوزیشن کی رائے کا احترام کیا جائے۔

معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت انتقامی کاروائیاں بند کرے، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن اللہ کا اقتدار دائم ہے۔

میزبان عمر میمن نے کہا کہ موجودہ بجٹ نے عوام کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں اور اگر حالات کنٹرول نہ کیے گئے تو زندگیوں کے چراغ بھی بجھنے شروع ہو جائیں گے۔

انہوں نے میڈیا پر سنسرشپ اور صحافیوں باالخصوص خواتین صحافیوں کو ہراساں کرنے کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صحافی عوام کی آواز ہیں اور کسی ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے، ہم میڈیا اور صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹرنیشنل کے چیف آرگنائزر اور پی پی پی لیبر ونگ برطانیہ کے جنرل سیکریٹری علی خاقان مرزا نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے اب خود اپنی تبدیلی کا راستہ اختیار کرلیا ہے۔ اس حکومت نے عوام کو مسائل کے سمندر میں دھکیل دیا ہے۔

پی پی پی گریٹر لندن کے نائب صدر اکرم شاہ داد بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل اور دکھوں کا ازالہ کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے عوام بھی دیگر صوبوں کے عوام کی طرح محب وطن ہیں۔ ان پر اعتماد کیا جائے اور انہیں اپنی قسمت کا خود فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔

سینئر رہنما محمد سعید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی سنگین صورتِ حال سے گزر رہا ہے۔ ایسے میں انتقامی کارروائیوں اور میڈیا پر پابندیاں لگا نے سے تلخ حقائق چھپائے نہیں جا سکتے۔

عشائیے میں مختلف مہمانوں کے علاوہ برطانیہ میں پاکستان کی سابق کلچرل اتاشی شہناز مظہر الحق اور پروین ربانی سمیت دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

تازہ ترین