• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز کی کارروائی، 5 ملزمان گرفتار، گلشن معمار سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر )رینجرزنے مختلف کارروائیوں میں 5ملزمان کو گرفتار کر کےغیر قانونی اسلحہ، مسروقہ سامان اور منشیات بر آمدکر لی اور تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا جبکہجو ڑیا بازار میں 9اپریل کو قتل ہونے والے شخص کے کیس میں گرفتار 3ملزمان کی نشاندہی پر گلشن معمار میں کارروائی کرتے ہو ئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق 9اپریل 2019 کو کھارادر کے علاقے جوڑیا بازاراولڈ سٹی مارکیٹ میں سلیم کارپوریشن کے مالک سلیم احمد عرف مرچی کو نامعلوم موٹرسائیکل سوارنے گولیاں مار کرقتل کیاتھا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرزسندھ کی جانب سے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی،جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے تکنیکی ثبوت اور معلومات کی بنیاد پرقتل کے مرکزی ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتارکیاتھا، اس سلسلے میں 23اپریل کو پاکستان رینجرزسندھ کی جانب سے پریس ریلیز بھی جاری کی گئی تھی، دوران تفتیش ملزم نوید اقبال کے انکشافات کی روشنی میں لیاری گینگ وار کے سرگرم کارندوں اور اسلحے کے بارے میں دی گئی معلومات کی بنیاد پر پاکستان رینجرز سندھ نے گلشن معمار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن،ہینڈ گرنیڈ،کیمونیکیشن آلات اور دیگر سامان بر آمد کرلیاجس میں 5کلاشنکوف،2ایم پی فائیو رائفل،ایک نائن ایم ایم ایم پی فائیو ماوزر،ایک یونین بیرل راکٹ لانچر ،ایک کلاشنکوف کا سیف گارڈ ،ایک 32بور ماوزر،2نائن ایم ایم پستول بمع سائلنسر ،2گلاگ پستول ،ایک نائن ایم ایم پستول ،ایک این پی 22پستول ،ایک نائن ایم ایم اسٹوگر پستول ،11ایچ ای 36دستی بم ،23کلاشنکوف کے میگزین ،14ایم پی فائیو میگزین ،8گلاگ پستول میگزین ،20نائن ایم ایم میگزین ،ایک 30بور پستول میگزین ،6میگزین 32بور ماوزر،440نائن ایم ایم کی گولیاں ،120گولیاں 32بور ،20گولیاں 30بور،25گولیاں .223رائفل ،1050کلاشنکوف کی گولیاں ،4واکی ٹاکی ،3واکی ٹاکی چارجر،ایک سی ڈی پلئیر،2وائی فائی ڈیوائس،5موبائل فون پیڈ ،6یو ایس بی ،ایک کیمرہ ،32سی ڈی ،ایک چاقو شامل ہے ۔

تازہ ترین