• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطرناک ڈرائیونگ کرکے موت بانٹنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں، بیرسٹر عمران حسین، جیوڈتھ کامنز

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) بریڈ فورڈ کے شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین اور بریڈ فورڈ ساؤتھ کی ممبر پارلیمنٹ جیوڈتھ کامنز نے حکومت سے خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے موت بانٹنے والوں کو سخت ترین سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ میں بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے بریڈ فورڈ کے شیڈو منسٹر عمران حسین نے ٹیلی گراف آرگس کی جانب سے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے چلائی جانے والی مہم پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات کے متاثرین انصاف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے پولیس سروس کے لئے فنڈ کٹوتیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے خطرناک ڈرائیونگ سمیت غیر معاشرتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور شراب نوشی کر کے ڈرائیونگ کرنے والے نوجوانوں کو نہ صرف دوسروں کی زندگیوں کا کوئی احساس ہے بلکہ اپنی کمیونٹی میں بھی غیر اخلاقی حرکتوں کی وجہ سے شرمندگی کا باعث ہیں۔ اپنے وقتی فائدے کے لئے کئی خاندانوں کی زندگیوں کو جہنم بنا دیتے ہیں اور وہ خاندان ساری زندگی سفر کرتے ہیں، موجودہ حکومت نے خطرناک ڈرائیونگ پر زیادہ سے زیادہ سزا کے لئے قانون سازی کا وعدہ کیا تھا مگر افسوس چار سال گزر جانے کے بعد بھی اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ممبر پارلیمنٹ جیوڈتھ کامنز نے کہا کہ ان کے حلقے میں اس طرح کے بے شمار واقعات ہیں جس کی وجہ سے بے شمار خاندان متاثر ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت کے پاس جو تھوڑا وقت رہتا ہے اس میں فوری قانون سازی کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سزائیں تجویز کرے تاکہ خطرناک ڈرائیونگ سے موت بانٹنے والوں کو روکا جا سکے اس موقع پر جسٹس آف اسٹیٹ کے وزیر رابرٹ بکلینڈ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت خطرناک ڈرائیونگ پر سزاؤں کو زیادہ سے زیادہ 14سال تک کرنے اور اس کو قابل عمل بنانے کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔
تازہ ترین