• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر ایک سیاسی جماعت کو آکسیجن دینے سے باز رہیں، فردوس عاشق

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کچھ تاجر تجارت کو سیاست سے جوڑ کر کسی سیاسی جماعت کو آکسیجن دینا چاہتے ہیں وہ باز رہیں، تاجر برادری کو ہڑتالوں کے بجائے مذاکرات کرنے چاہئیں، جو سیاسی ایجنڈے کو آگے لیکر چلنا چاہتے ہیں ان کیلئے علیحدہ ترجیحات ہونگی، امید ہے بھٹکے ہوئے سیاسی تاجر ایسے حربوں سے باز رہیں گے، عدالتوں سے سزا یافتہ لوگوں کی لائیو تقریریں دکھائی جارہی ہیں، وفاقی کابینہ نے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیدی ہے، وزارت اطلاعات نے کسی صحافی کا ٹویٹراکاؤنٹ بند نہیں کیا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیکس ریفارمز ضروری ہیں اس پر عمل ہونا چاہیے۔تاجروں سے بات چیت کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ایک تاجر پیشہ جماعت نے سیاست کو تجارت سمجھ کر کیا۔ اصل تاجر حکومت کے پارٹنر ہیں، تاجر برادری کے مسائل حل کرینگے۔ ملک ٹیکس کے بغیر نہیں چل سکتا، حکومت کسی کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی، ’’اسٹیٹس کو‘‘ کو جب چیلنج کرینگے تو مزاحمت تو سامنے آئے گی۔ 20 ہزار میں سے 600 دکاندار صرف ٹیکس فائل کرتے ہیں، قرضوں سے معیشت کو اب نہیں چلایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا جج ارشد ملک کو کام سےروک دیا گیا ہے۔ عدالت میں ثبوت مانگے جاتےہیں تو یہ لوگ راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔ آہ وبکا اور چیخ و پکار ابھی جاری ہے۔ جہاں ثبوت مانگے جاتے ہیں لیت ولعل سے کام لیکر فرار ہو جاتے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی طفیلی وزیراعظم تھے، وہ ظل سبحانی کے ذاتی کاروباری مفادات کو تحفظ دیتے تھے جس کی وجہ سے ملکی معیشت کو جھٹکے لگے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خواجہ آصف مِسنگ پرسن ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کا ضامن وزیر دفاع غیر ملک کام کرکے کیسے سیکورٹی رسک بن گیا؟ تحقیقات کر کے پس پردہ محرکات کو بے نقاب کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کو کیس ریفر کیا ہے، جائزہ لیا جائے کہ اس کمپنی کا کس کس ملک کے ساتھ مفاد وابستہ ہے، یہ انتہائی سنجیدہ سیکورٹی بریچ ہے لہٰذا فوری تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بلاول سندھ میں دم توڑتے بچوں پربھی توجہ دیں، گھوٹکی الیکشن کے دوران سندھ انتظامیہ مداخلت سے باز رہے، ۔ ورکرزکنونشن میں آستینیں چڑھا کرچوری کر کے سینہ زوری کرتے ہیں، قرض لیکرذاتی شاہ خرچیاں کی گئیں، ملکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ ٹپ پر لٹایا گیا۔
تازہ ترین