• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران کے دورہ کی تیاریوں کیلئے زلفی بخاری امریکا میں موجود

ہیوسٹن( راجہ زاہد اختر خانزادہ / نمائندہ جنگ) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ امریکا کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری گزشتہ ایک ہفتے سے امریکا میں موجود ہیں وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور وزیر اعظم کے قریبی دوست ہیوسٹن کے امریکی نژاد پاکستانی معروف بزنس ٹائیکون طاہر جاوید ، پاکستان کے امریکا میں سفیر اسد مجید خان کے ہمراہ مل کر وزیراعظم کے پروگراموں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی شریک چیئرمین کانگریس وومن شیلا جیکس لی سے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کے ارکان ایوان نمائندگان اور سینیٹرز سے خطاب کے پروگرام کو بھی حتمی شکل دی۔ پروگرام کے مطابق وزیراعظم کیپٹل ہل واشنگٹن میں ارکان ایوان نمائندگان اور سینیٹرز سے خطاب کریں گے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کرینگے اس پروگرام میں اب تک 40؍ سے زائد ارکان ایوان نمائندگان اور 7؍ سینیٹرز نے شرکت کرنے کی تصدیق کی ہے اس پروگرام میں وزیراعظم، پاکستان سے متعلق اہم سفارتی امور پر خطاب کریں گے جبکہ انکی ملاقات کانگریس میں خارجہ امور کی کمیٹی سے بھی کرانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ریپبلکن پارٹی کے رہنما اور آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور اور ان کی ٹیم بھی متحرک ہے سید جاوید انور واشنگٹن میں ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے میں اس تنظیم کے سب سے بڑے ڈونر ہیں جس تنظیم کی جانب سے اس جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے اس ارینا میں 20؍ ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے تاہم اطلاعات کے مطابق ابتک 4؍ ہزار افراد نے اپنی رجسٹریشن کی ہے ، اس طرح طاہرجاوید کی جانب سے بااثر پاکستانی امریکی تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات جسمیں بڑی بڑی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو شامل ہیں کو بھی واشنگٹن میں مدعو کیا گیا ہے۔
تازہ ترین