• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرتار پور مذاکرات آج، بھارتی وفد میں کلبھوشن کیس میں پاکستانی اٹارنی جنرل سے ہاتھ نہ ملانے والے دیپک متل بھی شامل

لاہور(خالد محمود خالد)کرتار پور راہداری کے تمام معاملات کو فائنل کرنے کے لئے پاکستان بھارت مذاکرات کا دوسرا باضابطہ دور آج واہگہ بارڈر پر ہو گا جس میں شرکت کے لئے پانچ رکنی وفد بھارتی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری سبھاش چندر لال داس کی قیادت میں 9بجے پاک بھارت سرحد عبور کرے گا۔ وفد میں وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری انیل ملک اور وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری دیپک متل بھی شامل ہوں گے۔یہ وہی دیپک متل ہیں جنہوں نے اس سال 18فروری کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت کے دوران پاکستان کے اٹارنی جنرل انور منصور خان سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلو والیہ اور ہیڈ آف پولیٹیکل چیراکنگ ایلانگ بھی لاہور پہنچے ہیں جو مذاکرات میں بھارتی ہائی کمیشن کی نمائندگی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے آج کے دور میں تمام معاملات حل کر لئے جائیں گے ۔مذاکرات کی کوریج کے لئے پاکستان نے 15 بھارتی صحافیوں کو ویزے جاری کئے ہیں جن میں سے 4 بھارتی صحافی ہفتہ کے روز لاہور پہنچ گئے جب کہ باقی 11 صحافی آج واہگہ کے راستے لاہور پہنچیں گے۔ہفتہ کے روز لاہور پہنچنے والے صحافیوں نے اہم تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔
تازہ ترین