• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دُبئی، پاکستانی شخص کے دفتر میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث 6پاکستانی گرفتار

دُبئی(نیوز ڈیسک) دُبئی پولیس نے ڈکیتی کی واردات میں ملوث 6پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے ایک پاکستانی کے دفتر میں ہی لُوٹ مار کی اور وہاں سے پاکستانی60ہزار روپے، 15سو امریکی ڈالر اور 52 ہزار اماراتی درہم کے علاوہ سونے کے تین لاکٹ بھی لے اُڑے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایک پاکستانی شخص نے پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ وہ اپنے بھائی کے دفتر میں موجود تھا۔جب چند افراد نے دفتر کے دروازے پر دستک دی، جونہی اُس نے دروازہ کھولا تو وہاں 6 ہم وطن افراد کو کھڑا پایا۔ یہ لوگ اندر داخل ہو گئے اور اُس سے اُس کے بھائی کے بارے میں پُوچھا۔ جب اُس نے بتایا کہ وہ یہاں نہیں ہے تو ان لوگوں نے اُس پر حملہ کر دیا جبکہ دو تین افراد دفتر میں موجود نقدی لُوٹنے میں لگے رہے۔اس دفتر میں اُس کی بہن بھی موجود تھی۔جونہی وہ باتھ رُوم سے باہر آئی تو ملزمان نے اُس پر بھی دھاوا بول دیا اور اُس کے پاس موجود سونے کے تین لاکٹ بھی چھین لیے۔ دفتر سے جانے سے قبل انہوں نے دونوں بہن بھائیوں کی ایک دفعہ پھر مار پیٹ کی اور پھر فرار ہو گئے۔
تازہ ترین