• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف سائنسدان پروفیسر وقار الدین احمدکراچی میں انتقال کرگئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف پاکستانی سائنسدان پروفیسرڈاکٹر وقار الدین احمد 79سال کی عمر میں ہفتے کی صبح کراچی میں انتقال کرگئے ہیں۔ پروفیسر وقار الدین احمد نے پچاس سال سے زیادہ قومی سطح پر سائنس اور تحقیق کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، مرحوم گزشتہ ایک ماہ سے علیل تھے، انکی نمازِ جنازہ کلفٹن، کہکشاں ،بلاک 8 میں واقع موتی مسجد میںہفتے کو عصر کے وقت ادا کی گئی، مرحوم نے پسماندگان میں تین بیٹیاں، اہلیہ کئی نواسے اور نواسیاں سوگوار چھوڑے ہیں، پروفیسر وقار الدین احمد کے انتقال پر شیخ الجامعہ خالد عراقی اور عطا الرحمٰن ودیگر نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم گزشتہ پچاس سالوں سے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں تحقیق و تدریس سے منسلک تھے، پروفیسر وقار الدین 1994 سے 2000ء تک جامعہ کراچی کے ڈین سائنس رہے اسکے علاوہ دیگراہم انتظامی عہدوں پر بھی فائز رہے، پروفیسر وقار الدین احمد بھارت کے شہر الہ آباد میں پیدا ہوئے آپ نے ایم سی کی سند الہ آباد یونیورسٹی سے 1959ء میں حاصل کی، پہلا پی ایچ ڈی پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کے زیرنگرانی1966ء میں جامعہ کراچی سے کیا جبکہ دوسرا پی ایچ ڈی1968میںجرمنی کی بون یونیورسٹی سے کیا، جامعہ کراچی نے 1992 ء میں انھیں ڈی ایس سی کی ڈگری عطا کی۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے اپنے تعزیتی پیغام میں سینئر سائنسدان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
تازہ ترین