• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی اور افغان افواج پر طالبان کے حملے، 5 فوجی ہلاک

کابل (جنگ نیوز )امریکی اور افغان افواج پر طالبان حملوں میں 5 فوجی ہلاک ہوگئے ،مشرقی صوبے وردک کے ضلع سید آباد میں طالبان نےدعویٰ کیا کہ سڑک کنارے نصب ڈیوائس سے امریکی فوجی گاڑی کو دھماکے سے اڑایا جس میں 2 امریکی فوجی مارے گئے جبکہ 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے ،ادھر مغربی صوبے بادغیس میں ایک ہوٹل پر ہونے والے حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق افغانستان میں پرتشدد واقعے میں 2امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیٹو نے امریکی فوج پر حملے کی تصدیق کی ہے تاہم واقعے کی تفصیلات نہیں بتائیں کہ حملہ کس علاقے میں ہوا ۔دریں اثناافغانستان کے مغربی صوبے بادغیس میں ایک ہوٹل پر ہونے والے حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔برطانوی میڈیا کے مطابق افغان حکام کا کہنا تھا کہ بادغیس میں ایک کمرشل عمارت میں واقع ہوٹل پر طالبان کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جنگجو ایک عمارت میں اپنی پوزیشن سنبھالے ہوئے تھے اور پولیس ہیڈ کوارٹرز پر فائرنگ کر رہے تھے۔بادغیس میں یہ ہوٹل ایک ایسا مقام ہے جہاں چاروں طرف دکانیں اور دیگر مقامات کے ساتھ ساتھ پولیس ہیڈ کوارٹرز اور گورنر ہاؤس بھی قریب ہے۔ہوٹل کے مالک عبداللطیف کا کہنا تھا کہ حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے تھے جن کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔بادغیس کی صوبائی کونسل کے رکن عبداللہ افضلی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور طالبان جنگجووں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا ۔کابل میں وزارت داخلہ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ حملے کے دوران جوابی فائرنگ سے طالبان جنگجووں کو بھی مارا گیا ہے۔ترجمان وزارت داخلہ نصرت رحیمی کا کہنا تھا کہ پولیس نے عمارت کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کی گئی تھی۔

تازہ ترین