• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کے افغانستان سے نکلنے پر پاکستان کا کردار اہم ہوگیا ،عندلیب عباس

کراچی (نیوزڈیسک )پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ عندلیب عباس نے امریکی ریڈیوسے بات کرتے ہوئے افغانستان سے متعلق اہم فورم میں پاکستان کی شمولیت کو خوش آئند قراردیا ہے۔عندلیب عباس نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے نکلنا چاہتا ہے اس تناظر میں پاکستان کا کردار اہم ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ "پاکستان کے خطے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے ہیں اور عالمی قوتوں کو یہ ادراک ہو گیا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔دوسری طرف افغان امور کے ماہر اور پاکستان کے سابق سفارت کار ایاز وزیر کاکہنا تھا کہ 2015ء میں بھی چین، امریکہ، پاکستان اور افغانستان پر مشتمل چار فریقی گروپ تشکیل دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ میں چار ملکوں کا فورم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ جس کا مقصد افغان مسئلے کا حتمی حل تلاش کرنا ہے۔ایاز وزیر کا کہنا تھا کہ دوحہ میں امن مذاکرات کے بعد افغانستان میں امن سمجھوتے کا امکان بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ "اگر افغان دھڑوں کے مابین کوئی معاہد طے پاتا ہے تو اس پر عمل درآمد کے لیے چین، روس، امریکہ اور پاکستان کی ضمانت بھی ضروری ہو گی،ایاز وزیر نے کہا کہ چین، روس اور پاکستان کا مفاد بھی اسی میں ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔ ان ممالک کی حمایت سے افغانستان کے مسئلے کا پائیدار حل ممکن ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین