• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں 8 سالہ بچی کی واٹر ٹینکر چلاتے ہوئے ویڈیو کا ڈراپ سین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں 8 سالہ بچی کی واٹر ٹینکر چلاتے ہوئے ویڈیو کا ڈراپ سین ہوگیا۔ مذکورہ ٹینکر کے مالک نے واقعہ کو لالچ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک 8 سالہ بچی کی واٹر ٹینکر چلانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھاکہ بچی کے والد کو فالج ہے اور اس نے گھر کا گذارا کرنے کے لیے ٹینکر چلانا شروع کیا ہے تاہم ٹریفک پولیس کی جانب سے جب اسکی چھان بین کی گئی اور ٹینکرما لک تک پہنچے تو یہ بات سامنے آئی واٹر ٹینکر مالک ندیم نے خوشی نامی بچی کے بیان کو لالچ قرار دیدیا ۔ واٹر ٹینکر کے مالک نے کہا کہ خوشی کے باپ اسرار عباسی کو کوئی فالج نہیں اور نامعلوم شخص نے این جی او کا نام لیکر 8 سالہ بچی خوشی کا وڈیو بیان ریکارڈ کیا،بچی اور اس کے باپ کو امداد کی لالچ دیکر وڈیو بنائی گئی تھی، اسے مزید بتایا کہ وڈیو وائرل ہونے کے بعد خوشی اور اسکا ڈرائیور باپ اسرار عباسی خوفزدہ ہیں، اسرار عباسی 4 سال سے میرے پاس ڈرائیوری کی نوکری کررہا ہے ۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک نے بھی بچی کے واٹر ٹینکر چلانے کی وڈیو کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور واقعے کی مکمل تفتیش کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

تازہ ترین