• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے کمزور طبقے کیساتھ کھڑے ہیں، امیر العظیم

کراچی( اسٹاف ر پو ر ٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پارلیمنٹ میں نہ ہونے کے باجود اپنی مکمل قوت و صلاحیت کے ساتھ نہ صرف میڈیا و صحافی برادری بلکہ ملک کے کمزور و مظلوم طبقے کے ساتھ کھڑی ہے،،آج پاکستان حالات کے جس موڑ پر ہے اس میں اپنے اپنے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کے بجائے مل کر بھرپور عوامی تحریک چلانے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ نشرواشاعت کے زیر اہتمام روایتی ”آم پارٹی“ میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور دیگر مہمانوں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے بھی ماضی کی طرح جھوٹے وعدے اور جھوٹی تسلیاں دیں جو اب سامنے آرہی ہیں اور اپنے جرائم کو چھپانے کے لیے آزادی صحافت کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے بھی خطاب کیا۔امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستا ن کے دیگر شہروں کی بھی صورتحال کم و بیش کراچی جیسی ہے، حکومت اور حزب اختلاف کی قیادت کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ انہیں صرف اپنی قیادت اور ان کی کرپشن کی دفاع کی فکر ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ آج کراچی حکومتی جماعتوں کی باہمی لڑائی کا شکار ہوکر رہ گیا ہے تینوں حکومتی جماعتوں کو کراچی کے مسائل کے حوالے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے،صرف نعرے اور جھوٹے وعدوں اور کمیٹیوں کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔
تازہ ترین