• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصم رضا نے میرا اور ماہرہ خان کی جنگ دوستی میں بدل دی!!

پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور ہدایت کار عاصم رضا نے بتایا ہے کہ میں چاہتا تھا کہ میرا اور ماہرہ خان کے مابین بے بنیاد جنگ ختم ہو جائے، اس سلسلے میں، میں نے دونوں اداکاروں سے علیحدہ علیحدہ بات کی اور دونوں کو اصل حقیقت بیان کی۔

جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عاصم رضا کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں نے میرا کو بتایا کہ جو کچھ میڈیا میں ماہرہ سے متعلق آپ کے بارے میں آرہا ہے، وہ دُرست نہیں ہے، ماہرہ آپ کی بہت عزت کرتی ہیں، کچھ لوگ آپ دونوں کو آپس میں لڑوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب میں نے ماہرہ خان کو بتایا کہ میرا تم سے بہت پیار کرتی ہیں اور وہ تم سے ہرگز لڑنا نہیں چاہتیں، بعدازاں میں نے ان دونوں اسٹارز کو اپنی فلم کے ایک ’آئٹم نمبر‘ میں ایک ساتھ رقص کرنے پر بھی راضی کر لیا تھا، لیکن ماہرہ خان فلم ’سپر اسٹار‘ میں مصروفیت کی وجہ سے میرا کے ساتھ پرفارم نہیں کر سکیں، تو ہم نے میرا اور مایا کو لے کر گانا فلمایا۔


ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ میرا اور ماہرہ خان نے ایک گانا تو نہیں کیا البتہ دونوں نے میری فلم میں کام کیا ہے اور اب ان دونوں کے درمیان کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہے۔

عاصم رضا نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں گزشتہ 25 برسوں سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہوں۔ لندن سے آرکیٹیکچر میں ماسٹرز کرنے کے بعد شوبز کو جوائن کر لیا، مختلف کمپنیز کے لیے ٹی وی کمرشل بناتا رہا، لیکن ساتھ ہی میرے ذہن میں ایک فلم چلتی رہی کہ یہ سب تو کمپنی کا ہے، میرا کیا ہے؟ تو پھر میں نے یہ فیصلہ کرلیا کہ میں ایک فیچر فلم بناؤں گا۔ ماہرہ خان اور شہریار منور کو کاسٹ کر کے فلم ’ہو من جہاں‘ بنائی، جسے فلم بینوں نے بے حد پسند کیا۔ دو، تین سال بعد اب پھر ہمت کی ہے اور عمران اسلم صاحب سے فلم لکھوائی ہے، فلم کا نام پرے ہٹ لَو بھی عمران اسلم نے رکھا ہے۔

بالی ووڈ فلموں پر پابندی سے پاکستانی فلموں کو کیا فائدہ ہو گا؟ اس سوال کے جواب میں عاصم رضا نے بتایا کہ بالی ووڈ فلموں پر پابندی پاکستانی فلموں کو فائدہ پہنچانے کے لیے نہیں لگائی گئی، بلکہ اس کی وجہ سیاسی ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری اپنے پائوں پر کھڑی ہو گئی ہے، لیکن ابھی اسے محتاط ہو کر چلنا پڑے گا۔

ہدایت کار عاصم رضا کا یہ بھی کہنا تھا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ایک ساتھ تین فلمیں ریلیز کرنے سے مسائل جنم لیں گے۔ میں نے اپنی فلم ڈیڑھ سال قبل بنانے کا اعلان کیا تھا، سپر اسٹار کی ریلیز ہونے کے بارے میں مجھے علم نہیں تھا اور نہ ہی ماہرہ خان نے مجھے اس فلم کے بارے میں بتایا تھا کہ یہ بڑی عید پر ریلیز ہو گی۔ دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے، ہم سب کو مل کر فلم انڈسٹری کو آگے بڑھانا ہے۔

تازہ ترین