• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں بارش، کراچی میں مطلع ابر آلود

پنجاب کے وسطی اور بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کراچی کا مطلع جزوی ابرآلود ہے اور تیز گردآلود ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، حافظ آباد، مری ، پشاور اور صوابی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

لاہور اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر پر سیاہ بادلوں کے ڈیرے ہیں اور کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں رات سے اب تک 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالا ڈویژن، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔

ذرائع موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔

تازہ ترین