• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ فائنل، انگلش بولرز نے پہلی وکٹ حاصل کرلی

لارڈز میں کھیلے جارہے ورلڈکپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ کی جانب سے عمدہ بولنگ کی جارہی ہے اور کیوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں مل پا رہا ہے۔

میچ کے چھٹے اوور میں کرس وکس نے آؤٹ آف فارم مارٹن گپٹل کو 18 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے میدان بدر کردیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے ٹائٹل میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ہوم آف کرکٹ لارڈز میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ فائنل میں اوئن مورگن کی قیادت میں میزبان انگلینڈ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، فائنل کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں اور شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جارہا ہے۔

دونوں ٹیموں نے اس سے قبل کبھی ورلڈ کپ نہیں جیتا ہے اس لئے آج جو بھی جیتے گا ،وہ کرکٹ کا نیا چیمپئن بنے گا ،انگلینڈ اب تک 3 ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل ہوگا۔

لارڈز میں1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ 1992کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔

انگلینڈ کی ٹیم 1992 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے  فائنل میں شرکت کررہی ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو اب تک کھیلے گئے 90 میچوں میں سے 43 میں شکست دے رکھی ہے، جبکہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی نیوزی لینڈ کا پلڑہ بھاری رہا ہے۔

موجودہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے 3 جولائی کو راؤنڈ روبن مرحلے کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 119 رنز سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کی تھی۔

فائنل میں سری لنکا کے دھرما سینا کے ہمراہ جنوبی افریقا کے میراس ایراسمس امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، آسٹریلیا کے روڈ ٹکر تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر پاکستان کے علیم ڈار ہیں، میچ ریفری سری لنکا کے رنجن مدوگالے ہیں۔

تازہ ترین