• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنما کے استقبال پر غیر ملکی کرنسی کی برسات


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سہیل ظفر چیمہ کا چیئرمین ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب بننے کے بعد آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچنے پر ڈالرز، ریال، یورو اور پاکستانی کرنسی سے استقبال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما سہیل ظفر چیمہ کو گزشتہ ماہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔ سہیل ظفر چیمہ جب اپنے آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچے تو پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے ان کا غیر ملکی کرنسی سے شاندار استقبال کیا۔

سہیل ظفر چیمہ کا قافلہ آبائی علاقے ماچھیکے سندھواں پہنچنے پر پی ٹی آئی رہنما شاہد اقبال ناگرہ نے ان پر پاکستانی نوٹوں، ریال، یورو اور امریکی ڈالرز کی برسات کی جبکہ پارٹی کارکنان نے ان کی آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

ڈالرز اور یورو ہوا میں اڑتے دیکھ کر پی ٹی آئی کارکنان بھی سب کام کاج چھوڑ کر غیر ملکی کرنسی لوٹتے رہے، غیر ملکی کرنسی کی برسات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

تازہ ترین