• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیژر لیگز : نیشنل چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل

لیژر لیگز نیشنل چیمپئن شپ سندھ ریجن کے کوالیفائنگ رائونڈ مکمل ہوگئے، زرعی یونیورسٹی گرائونڈ ٹنڈو جام پر کراچی کی عبدل ایف سی نے فائنل میں جیکب آباد شہید کو 1-0 سے شکست دے دی، فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کی جانب سے شاہ رخ خٹک نے اسکور کیا۔

قبل ازیں کھیلے گئے سیمی فائنلز میں عبدل ایف سی نے لاڑکانہ کی الشمس ایف سی کو 1-0سے مات دی، میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول محمد آصف نے اسکور کیا۔

جیکب آباد نے عمر کوٹ کو0-7سے شکست دی، انٹرنیشنل ذوالفقار شاہ نے 4 اور احسان نے 3گول اسکور کیے۔

28جولائی کو کراچی میں چاروں صوبائی ٹیموں کے مابین فائنل راؤنڈ کھیلا جائے گا۔  فاتح ٹیم بحیثیت نیشنل چمپئن 12تا  20اکتوبر2019 کو  یونان کے شہر کریٹ میں کھیلے جانے والے سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔

سندھ کی انٹرسٹی کی20 چیمپئن ٹیموں کو اندرون سندھ 4 وینیوز پرکوالیفائنگ راؤنڈ کھلایا گیا۔

کنڈیارو کے سٹی گراؤنڈ پر نوشہروفیروز، کنڈیارو، خیر پور اور لاڑکانہ کی ٹیموں نے حصہ لیا، جہاں لاڑکانہ کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

روجھان جمالی کے شہید مراد جمالی فٹبال گراؤنڈ پر جیکب آباد، گڑھی خیرو، روجھان جمالی اور جھل مگسی کی ٹیمیں شامل تھیں۔

جیکب آباد کی ٹیم سیمی فائنل میں اپنی نشست کنفرم کرنے میں کامیاب رہی، زرعی یونیورسٹی ، ٹنڈوجام میں 5,5 ٹیموں پر مشتمل  2 گروپ بنائے گئے۔

گروپ ’اے‘ میں کراچی، حیدرآباد، ٹنڈوجام، ٹنڈو آدم اورٹنڈو محمدخان جبکہ گروپ ’بی‘ میں میرپور خاص، ٹنڈو الہ یار، سانگھڑ، عمرکوٹ اور بدین پر مشتمل تھا۔

گروپ ’اے‘ سے کراچی کی ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے اپنے چاروں میچ میں کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

گروپ ’بی‘ میں میرپور خاص اور عمر کوٹ کے مابین انتہائی سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

میر پورخاص کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے صرف میچ ڈرا کرنا تھا جبکہ عمرکوٹ کو ٹاپ فور میں اپنی نشست کنفرم کرنے کیلئے فتح کو یقینی بنانا تھا۔

کھیل کے آخری لمحات میں عمر کوٹ کے جنید نے فیصلہ کن گول داغ کر اپنی ٹیم کیلئے تاریخی کامیابی حاصل کی اور ٹیم کو سیمی فائنل میں جگہ دلادی۔

تازہ ترین