• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مٹھی، 11؍ سالہ لڑکی کی عجیب بیماری ، گردن 90؍ ڈگری پرگھوم گئی

کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ کے شہر مٹھی میں 11؍ سالہ افشین ایسی عجیب اور پُر اسرار بیماری میں مبتلا ہے جس سے اس کی گردن 90؍ ڈگری پر گھوم کر ٹیڑھی ہوگئی ہے۔ اس عجیب تکلیف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے افشین کو گردن اور سر میں مستقل درد رہتا ہے اور وہ عام کام کاج بھی ٹھیک سے نہیں کر پاتی۔ یہ غریب خاندان حکومت اور مخیر حضرات کی امداد کا انتظار کر رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افشین کنبھر کے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ وہ Muscular Disorder میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے اس کی گردن ٹیڑھی ہو گئی ہے اور میڈیکل کی اصطلاح میں اسے Torticollis کہا جاتا ہے۔ افشین اس بیماری میں 8؍ ماہ کی عمر میں اس وقت مبتلا ہوئی جب وہ گھر سے باہر کھیلتے ہوئے گر گئی اور زخمی ہوگئی۔ افشین اپنا سر سیدھا نہیں رکھ پاتی، مستقل درد میں مبتلا ہے جس سے اسے کھانا کھانے، غسل کرنے اور حتیٰ کہ چلنے پھرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ افشین کی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ وہ اسکول بھی نہیں جا پاتی اور سارا دن گھر میں اپنی 52؍ سالہ والدہ جمیلاں اور بڑے بھائی محمد یعقوب کنبھر کے ساتھ گزارتی ہے۔ ڈاکٹرز لڑکی کی صورتحال پر حیران و پریشان ہیں، خاندان کے پاس اتنے مالی وسائل نہیں کہ افشین کا علاج کرا سکیں۔ افشین کے والد گزشتہ سال کینسر میں مبتلا ہو کر چل بسے جبکہ بھائی کی سالانہ آمدنی 74؍ ڈالرز ہے، افشین کی والدہ اور افشین لوگوں کے گھروں میں جا کر کام کرتی ہیں۔ افشین کی حالت پر بات کرتے ہوئے بھائی یعقوب روتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ہم (افشین کے) مستقبل کیلئے بہت پریشان ہیں، ہمیں نہیں معلوم کہ اس کا کیا ہوگا، ہمیں ڈر ہے کہ اگر علاج نہ ہو سکا تو وہ کسی اور بیماری میں مبتلا ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ Torticollis کا علاج نہ ہو تو اس کی وجہ سے گردن کی بافتیں، پیٹھ اور ریڑھ کی ہڈی کے دیگر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور اعصابی نظام پر شدید دبائو پڑ سکتا ہے۔
تازہ ترین