• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسروں کی کردار کشی تبدیلی سرکار کے گلے کی ہڈی بنے گی‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے قبائلی عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کا یہ اعتراف کے آئندہ کس کو کب اور کہاں موقع دیا جائے گا اس حقیقت سے پردہ اٹھانے کے لئے کافی ہے کہ سلیکٹڈ کلچر کو سیاست پر حاوی کردیا گیا ہے۔ پسند و ناپسند کا یہ ٹوپی ڈرامہ مراعات یافتہ طبقے کو قابل قبول ہوسکتا ہے مگر ان حقیقی سیاسی قوتوں کو ہر گز نہیں جنہوں نے بقاء وطن اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے میں قربانیوں کی ناقابل فراموش تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری تسلسل کے خلاف وہ قوتیں برسرپیکار ہیں جنہیں 18ویں ترمیم ہضم نہیں ہورہی اسی لئے ملک کی حقیقی سیاسی قوتوں کو دیوار سے لگا کر تبدیلی سرکار کو قوم پر مسلط کیا گیا۔ وقت و حالات ثابت کریں گے کہ خود کو جمہوری قوت گرداننے والی تبدیلی سرکار بھی صوبوں کو خودمختاری دینے کے حق میں نہیں اور یہی سازباز اسے اقتدار میں لانے کا باعث بنی۔ قائد عوام کا دیا ہوا سیاسی شعور اتنا پختہ ہوچکا ہے کہ اب عوام جمہوریت کے خلاف ہر سازش اور خطرے کو قریب آنے سے قبل ہی بھانپ جاتے ہیں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ تبدیلی سرکار کا ٹیکس الیون میں بدل جانا کوئی انہونی نہیں اپنے گرد کھینچے حصار سے باہر نہ نکلنے والے ہمیشہ سے مصلحتوں کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں بڑھتا ہوا قیادت کا فقدان ہماری نظریاتی اساس کے لئے خطرہ بنتا جارہا ہے بزور طاقت ملک کو سیاسی جمود کے شکنجے میں کسنا اور اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لئے عوام کی توجہ کردار کشی اور بے بنیاد الزامات کی جانب مبذول کرانا خود تبدیلی سرکار کے لئے آنے والے ایام میں گلے کی ہڈی ثابت ہوگا۔
تازہ ترین