کوئٹہ(پ ر)نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر وسابق صوبائی وزیر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پنجگور کے امن کو خراب کیا جارہاہے ۔شام ڈھلتے ہی چوری اور ڈکیتی کا بازار گرم ہوجاتا ہے، انتظامیہ اور پولیس امن وامان برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجگور کے عوام کو کسی صورت چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔اگر حکام بالا نے پنجگور میں بدامنی کا نوٹس نہیں لیا تو نیشنل پارٹی احتجاج پر مجبور ہو گی۔ اس وقت پنجگور میں کسی کی جان محفوظ ہے اورنہ مال ۔ چور اور ڈاکو اب اتنے دلیر ہوگئے ہیں کہ شہر کی اہم شاہراہوں پرناکے لگا کر غریب عوام سے گاڑیاں ،موٹرسائیکل ،موبائل فونز اور نقدی چھین کر فرار ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے اپنے دورحکومت میں پنجگور سمیت پورے صوبے میں مثالی امن قائم کیا لیکن یہ امن دشمنوں کو ہضم نہیں ہوا اور ہماری حکومت ختم ہو تے ہی چوروں اور ڈاکوؤں نے سر اٹھا لیا۔ انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان ،چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ پنجگور میں بدامنی کا نوٹس لیا جائے۔