• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنکار برادری کی ’’ثقافت کا زندہ امین ایوارڈ‘‘ ختم کرنیکی مذمت

پشاور (وقائع نگار) صوبے کی فنکار برادری کی طرف سے ثقافت کے زندہ امین ایوارڈ کو ختم کرنیکی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان‘ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور دیگر متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سینئر فنکاروں احمد سجاد‘ عشرت عباس‘ ذوالفقار قریشی‘ صمد شاد اور امان نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹری سیاحت و ثقافت نے ایک ملاقات کے دوران فنکاروں پر واضح کردیا کہ ’’ثقافت کا زندہ امین ایوارڈ‘‘ ختم کردیا گیا ہے۔ جس سے پوری فنکار برادری میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا یہ سکیم 2016میں وزیراعظم عمران خان اس وقت کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور اس وقت کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان نے فنون لطیفہ سے وابستہ فنکاروں کی بہبود کے لئے شروع کی تھی اور موجودہ وزیراعلیٰ محمود خان نے اس وقت وزیرثقافت کی حیثیت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس سکیم کو جاری رکھنے اور اس کی تعداد ایک ہزار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن اب حکومت نے یہ سکیم ختم کرکے فنکار برادری کے ساتھ زیادتی کی انتہا کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو موجودہ حالات میں فنکاروں کی معاشی بدحالی کا نوٹس لیکر اس سکیم کو جاری رکھنے کے احکامات جاری کرنے چاہئیں. کیونکہ موجودہ حالات میں ٹی وی اور نجی سطح پر کسی قسم کا کام نہیں ہورہا اکثریت فنکاروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ محمود خان سے مطالبہ کیا کہ انہوں نے نشترہال میں اس سکیم کو جاری رکھنے کا جو اعلان کیا تھا اسے عملی جامہ پہنا کر ثقافت زندہ امین ایوارڈ کے سلسلے کو جاری رکھا جائے اور تعداد 500 سے ایک ہزار کردی جائے۔
تازہ ترین