• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں ماہ ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’ریڈی، اسٹیڈی نو!‘ کا گانا ’دیکھو دیکھو‘ گزشتہ ہفتے سے مقبول میوزک ویب سائٹ پٹاری پر ٹاپ ٹرینڈ میں ہے ۔

ریڈی، اسٹیڈی نو!، بڑے بجٹ کی فلم نہیں ہے، پھر بھی اس کے گانے کا اتنا مقبول ہونا نہ صرف حیران کُن ہے بلکہ ابھرتی ہوئی پاکستانی فلمی صنعت کے لیے کافی خوش آئند بھی ہے۔

’دیکھو دیکھو‘، ہشام بن منوّر اور راحمہ علی نے مل کر گایا ہے، گیت کے بول اور دھن خود ہشام بن منور نے ہی ترتیب دی ہے، جبکہ اس کے موسیقار باقر عباس ہیں۔

اس گانے میں غالب، فیض اور اے آر رحمان کے نام بطور محبت کے استعارے استعمال کرکے ان بڑی نامور اور قد آور شخصیات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہشام بن منوّر ہی اس فلم کے مصنّف، پروڈیوسر اور ہدایت کار ہیں، جبکہ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’باجی‘ کی آمنہ الیاس، فیصل سیف، نیّر اعجاز، سلمان شاہد، سلیم البیلا، اسماعیل تارا اور زین فیصل شامل ہیں۔

’ریڈی، اسٹیڈی نو!‘ کی کہانی گھر سے بھاگ جانے والے ایک ایسے جوڑے کی ہے، جس کی شادی صرف اس لیے نہیں ہوسکتی تھی کیونکہ ان دونوں کا تعلق الگ الگ ذات سے تھا۔

فلم کے ہدایت کار ہشام بن منوّر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فلم بنانا آسان نہیں اور انہیں یہ فلم بنانے میں کئی سال لگ گئے کیونکہ بار بار سرمائے کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

تازہ ترین