• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد اکبر نے شہباز شریف کو چیلنج دے دیا

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو چیلنج دے دیا۔


پریس کانفرنس سے خطاب میں شہزاد اکبر نے کہا کہ برطانوی اخبار کی خبر پر شہباز شریف کو چیلنج ہے کہ وہ میرے خلاف کیس کریں اور وہ بھی لندن کی عدالت میں۔

انہوں نے کہا کہ لندن کی عدالت میں شہباز شریف کی کرپشن کا ایک ایک ثبوت پیش کریں گے، شہباز خاندان سے کرپشن کے پیسے نکلوائیں گے اور پاکستان کے غریب عوام پر خرچ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 200 سے زائد افراد کےنام سے شہباز خاندان کو رقم بھجوائی گئی، جن افراد کے نام سے منی لانڈرنگ ہوئی وہ اتنے غریب ہیں کہ ان کے پاس کراچی سے لاہور کا کرایہ بھی نہیں۔

شہزاد اکبر نے رقم ٹرانسفر کی مبینہ دستاویزات بھی میڈیا سے شیئر کیں اور کہا کہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کے نام پر بیرون ملک سے غیر قانونی رقوم آئیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صاف پانی کیس میں کرپشن واضح ہے، علی عمران کی کمپنی کو زلزلہ متاثرین کے فنڈز میں سے رقوم منتقل کی گئیں۔

معاون خصوصی برائے احتساب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صاحب آپ کی مہربانی ہوگی، مجھ پر لندن کی عدالت میں ہی کیس کیجیےگا۔

شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ چوری کے پیسے سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کی جائیں گی، ہم جانتے ہیں کس طرح کرپشن کا پیسہ حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے باہر بھیجا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کےخاندان کے نام پر 26 ملین ڈالرز کی رقم باہر سے آئی، سلیمان شہباز کے 99فیصد اثاثے بیرون ملک سے آئی رقم سے بنے، شہباز خاندان کے نام 2007 اور 2008 میں بیرون ملک سے زیادہ رقم آئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ علی عمران کا ایسا پلازہ جو تعمیر بھی نہیں ہوا تھا اس کو کرائے کی مد میں پیسے دیئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خالہ جی کا گھر نہیں کہ کسی سے بھی اسٹوری کروائی جائے، مجھے اسٹوری کرانی ہوتی تو یہ دستاویزات بھی برطانوی اخبار شائع کرتا۔

شہزاد اکبر نے یہ بھی کہا کہ شہباز صاحب آپ نے آصف زرداری کو گھسیٹنے کا دعویٰ کیا تھا جس سے آپ مکر گئے، اس طرح اب  کیس کرنے سے نہ مکر جائیے گا۔

تازہ ترین